انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار مینجمنٹ ڈویلپمنٹ (آئی ایم ڈی ) کے جاری کردہ 2026 کے سمارٹ سٹی انڈیکس میں سعودی عرب کے 8 شہر شامل ہیں۔
انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار مینجمنٹ ڈویلپمنٹ کے سمارٹ سٹی انڈیکس میں سعودی عرب کے آٹھ شہر شامل

مزید خبریں
ریاض۔4اپریل (اے پی پی):انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار مینجمنٹ ڈویلپمنٹ (آئی ایم ڈی ) کے جاری کردہ 2026 کے سمارٹ سٹی انڈیکس میں سعودی عرب کے 8 شہر شامل ہیں۔ العربیہ اردو کے مطابق سمارٹ سٹی انڈیکس میں ریاض 27 ویں پوزیشن سے ترقی کر کے عالمی سطح پر 24 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ مکہ مکرمہ 50 ویں، جدہ 55 ویں، مدینہ منورہ 67 ویں اور الخبر 64 ویں نمبر پر موجود رہا۔العلا نے ایک بڑی جست لگائی ہے اور 112 ویں سے 85 ویں نمبر پر آ گیا ہے جو اس کے ترقیاتی اور سیاحتی منصوبوں میں تیز رفتار پیشرفت کی علامت ہے۔
اس انڈیکس میں پہلی بار حائل اور حفر الباطن کی شمولیت بھی دیکھنے میں آئی۔ حائل نے 33 واں درجہ حاصل کیا اور حفر الباطن دنیا کے 148 شہروں میں 100 ویں نمبر پر رہا۔انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ فار مینجمنٹ ڈویلپمنٹ کا سمارٹ سٹی انڈیکس ایک عالمی پیمانہ ہے جو جدید ٹیکنالوجی کو اپنانے میں شہروں کی ترقی کی پیمائش کرتا ہے۔ یہ خدمات کے معیار اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کے بارے میں شہریوں کے تاثرات اور روزمرہ زندگی کے معمولات کو بہتر بنانے پر ان کے اثرات کا جائزہ لیتا ہے۔
سعودی عرب اپنے معیارِ زندگی پروگرام کے ذریعے اپنے شہریوں اور مقیم افراد کے لیے زندگی کے بہتر انتخاب کو فروغ دے رہا ہے۔ سعودی عرب کا معیار زندگی پروگرام اس کے ’’ ویژن 2030 ‘‘ کے پروگراموں میں سے ایک ہے۔سمارٹ سٹی انڈیکس میں سب سے اوپر سوئٹزر لینڈ کا شہر زیورخ، دوسرے نمبر پر ناروے کا شہر اوسلو اور تیسرے نمبر پر سوئٹزر لینڈ کا شہر جنیوا ہے۔ لندن، کوپن ہیگن، دبئی، لوزان، کینبرا، سنگاپور اور ابوظہبی بالترتیب چوتھے سے 10 ویں نمبر پر موجود سمارٹ سٹیز ہیں ۔








