چین کے نائب وزیراعظم اور چین۔کینیڈا اقتصادی و مالیاتی اسٹریٹجک مکا لمہ کے چینی سربراہ حہ لی فنگ سے کینیڈا کے وزیر خزانہ اور مکالمہ کے کینیڈین شریک سربراہ فرانسوا فلپ شیمپین نے ملاقات کی ہے۔
چین اور کینیڈا کا اقتصادی و مالیاتی تعاون کے فروغ پر اتفاق

مزید خبریں
بیجنگ ۔4اپریل (اے پی پی):چین کے نائب وزیراعظم اور چین۔کینیڈا اقتصادی و مالیاتی اسٹریٹجک مکا لمہ کے چینی سربراہ حہ لی فنگ سے کینیڈا کے وزیر خزانہ اور مکالمہ کے کینیڈین شریک سربراہ فرانسوا فلپ شیمپین نے ملاقات کی ہے۔چینی میڈیا کے مطابق بیجنگ میں ہونے والے ملاقات کے دوران حہ لی فنگ نے کہا کہ فریقین دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے اہم اتفاق رائے پر مؤثر عمل درآمد کریں، تجارت، معیشت اور مالیات کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دیں، چین اور کینیڈا کے اقتصادی تعلقات کو مستحکم اور صحت مند انداز میں آگے بڑھائیں۔
فرانسوا فلپ شیمپین نے کہا کہ کینیڈا چین کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور چین کے ساتھ مل کر اقتصادی و مالیاتی تعاون کو فروغ دینے اور مزید عملی نتائج حاصل کرنے کا خواہاں ہے۔ملاقات کے دوران اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ رواں سال کی دوسری ششماہی میں چین-کینیڈا اقتصادی و مالیاتی اسٹریٹجک مکالمہ منعقد کیا جائے گا۔اس موقع پر حہ لی فنگ اور فرانسوا فلپ شیمپین نے مشترکہ طور پر چین-کینیڈا مالیاتی ورکنگ گروپ اور مالیاتی اداروں کے گول میز اجلاس کے نمائندگان سے بھی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے مالیاتی اداروں کا ایک دوسرے کی منڈیوں میں کاروباری سرگرمیوں کا خیرمقدم کیا۔








