سعودی سائنس اینڈ میتھمیٹکس اولمپیاڈ کے دوسرے مرحلے کا آغاز، ہزاروں طلبا کی شرکت

سعودی عرب میں نیشنل سائنس اینڈ میتھمیٹکس اولمپیاڈ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے جس میں 47 شہروں سے 19 ہزار 489 طلبا شریک ہیں۔

ریاض۔5اپریل (اے پی پی):سعودی عرب میں نیشنل سائنس اینڈ میتھمیٹکس اولمپیاڈ کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہو گیا ہے جس میں 47 شہروں سے 19 ہزار 489 طلبا شریک ہیں۔اردو نیوز کے مطابق اس مقابلے کا اہتمام کنگ عبدالعزیز اینڈ کمپینیئنز فاؤنڈیشن فار گفٹڈنیس اینڈ کریٹیویٹی نے وزارت تعلیم کے اشتراک سے کیا ہے۔دوسرا مرحلہ 9 اپریل تک جاری رہے گا جس میں 778 کوالیفائڈ اساتذہ کی رہنمائی میں جامع تربیتی پروگرام شامل ہیں۔ایس پی اے کے مطابق یہ کوالیفائر، میتھس، انفارمیٹکس، بیالوجی، فزکس، سائنس اور کیمسٹری میں تقسیم کیے گئے ہیں۔

دوسرے مرحلے کا اختتام جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجو کیشن میں انفرادی ٹیسٹ کے ساتھ ہوگا، جس کے بعد تیسرے مرحلے اور قومی ٹیم کی تربیت کے لیے نمایاں طلبا کا انتخاب کیا جا ئے گا۔ اس سال پہلے مرحلے کے مقابلے میں سعودی عرب بھر سے تقریبا ایک لاکھ طلبا نے رجسٹریشن کرائی، ریاض ریجن اس میں سر فہرست رہا۔ اس کے بعد مکہ اور الشرقیہ ریجن آتے ہیں۔یہ مقابلہ کئی مراحل پر مشتمل ہے۔ مڈل اور ابتدائی ہائی سکول کے طلبا کے لیےسب سے بڑے اولمپیاڈ کا مقصد ٹیلنٹ پول کو وسیع کرنا،خصوصی تربیت کو مقامی بنانا اور اعلی ذہنی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔