ایران کے دارالحکومت تہران میں پیر کی صبح شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی عمارت اور یونیورسٹی کی مسجد سمیت یونیورسٹی کے کچھ حصوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
ایران کی شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور شہر بہارستان کے رہائشی علاقے پر حملے ، 6بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق
مزید خبریں
تہران ۔6اپریل (اے پی پی):ایران کے دارالحکومت تہران میں پیر کی صبح شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی کی عمارت اور یونیورسٹی کی مسجد سمیت یونیورسٹی کے کچھ حصوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ یونیورسٹی کے قریب گیس سٹیشن پر حملے کے بعد قریبی علاقوں میں گیس کی سپلائی عارضی طور پر منقطع کر دی گئی ہے۔ بی بی سی نے یہ بات تہران کے ضلع 9 کے میئر کے حوالہ سے بتائی۔ رپورٹ کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی سینٹر پر حملے کے بعد پیر کی صبح جاری ہونے والی تصاویر میں تہران کے مغربی علاقوں سے دھواں اٹھتا بھی دکھایا گیا ہے۔جنگ کے آغاز کے بعد سے تہران یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور شاہد بہشتی یونیورسٹی سمیت متعدد یونیورسٹیوں پر حملے کیے گئے ہیں۔دریں اثنا تہران کے مضافاتی شہر بہارستان میں پیر کی صبح کئے گئے ایک حملہ میں6بچوں سمیت 13 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ تہران کے مضافات میں واقعہ بہارستان کے گورنر نے حملے میں 13 افراد کے مارے جانے کی تصدیق کی ہے ۔ بہارستان کے گورنر کے مطابق اس حملے میں شہر کے قلعہ میر قصبے میں دو رہائشی یونٹوں کو نشانہ بنایا گیا۔ گورنر کے مطابق حملے کے بعد ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے اور اندیشہ ہے کہ اب بھی بہت سے افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔








