بین الاقوامی منڈیوں میں توانائی کی قیمت میں مارچ کے دوران 41 فیصد ، غیر توانائی اشیا کی قیمتوں میں 2.5 فیصد اضافہ ہوا، عالمی بینک

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):بین الاقوامی منڈیوں میں توانائی کی قیمت میں مارچ کے دوران 41 فیصد جبکہ غیر توانائی اشیا کی قیمتوں میں 2.5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ عالمی بینک کی جانب سے جاری پنک شیٹ رپورٹ کے مطابق مارچ کے دوران دنیا بھر میں توانائی کی قیمتوں میں 41.6 فیصد کی شرح سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ یورپی قدرتی گیس کی قیمتوں میں مارچ کے …

اسلام آباد۔6اپریل (اے پی پی):بین الاقوامی منڈیوں میں توانائی کی قیمت میں مارچ کے دوران 41 فیصد جبکہ غیر توانائی اشیا کی قیمتوں میں 2.5 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ عالمی بینک کی جانب سے جاری پنک شیٹ رپورٹ کے مطابق مارچ کے دوران دنیا بھر میں توانائی کی قیمتوں میں 41.6 فیصد کی شرح سے اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ یورپی قدرتی گیس کی قیمتوں میں مارچ کے دوران 49.4 فیصد کا اضافہ ہوا، برینٹ کی قیمتوں میں اضافے کی شرح 45.8 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ نان انرجی قیمتوں میں 2.5 فیصد کی نمو ہوئی۔ زرعی پرائس انڈیکس میں مارچ کے دوران 1.5 فیصد کا اضافہ ہوا ، خوراک کی قیمتوں میں 2.7 فیصد اور کھادوں کی قیمت میں 26.2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔مشروبات کی قیمتوں میں 1.5 فیصد کی نمو ہوئی جبکہ خام مال کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

مارچ کے دوران دھاتوں کی قیمت میں مجموعی طور پر 1.4 فیصد کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔ ایلومینیم کی قیمتوں میں 10 فیصد اور آئرن اور کی قیمتوں میں 5.7 فیصد کی نمو ہوئی۔ اس کے برعکس قیمتی دھاتوں کی قیمت میں 3.6 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی، چاندی کی قیمتوں میں مارچ کے دوران 5 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ، کوئلے کی قیمت میں 17.9 فیصد ، سویا بین آئل 15.60 فیصد ، چینی 7.68 فیصد، گندم 7.13 فیصد، پام آئل 6.11 فیصد اور تمباکو کی قیمت میں 1.38 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس کے برعکس سونے کی قیمت میں 3.28 فیصد ، پلاٹینیم 4.27 فیصد ، چکن 7.55 فیصد اور تھائی چاول کی قیمت میں 6.85 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔