مشرق وسطیٰ جنگ میں شہری اہداف کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے ، سربراہ انٹرنیشنل ریڈ کراس کمیٹی

جنیوا۔7اپریل (اے پی پی):بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کی صدر میرجانا سپالجارک نےمشرق وسطیٰ جنگ میں شہری اہداف کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔العربیہ اردو کے مطابق بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کی صدر نے کسی بھی ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ پہلے ہی ضروری سول انفراسٹرکچر کی وسیع پیمانے پر تباہی ہو چکی ہے، ایسی کارروائیاں بین الاقوامی قانون کے ساتھ میل نہیں …

جنیوا۔7اپریل (اے پی پی):بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کی صدر میرجانا سپالجارک نےمشرق وسطیٰ جنگ میں شہری اہداف کو جان بوجھ کر نشانہ بنانے کی مذمت کی ہے۔العربیہ اردو کے مطابق بین الاقوامی ریڈ کراس کمیٹی کی صدر نے کسی بھی ملک کا نام لیے بغیر کہا کہ پہلے ہی ضروری سول انفراسٹرکچر کی وسیع پیمانے پر تباہی ہو چکی ہے، ایسی کارروائیاں بین الاقوامی قانون کے ساتھ میل نہیں کھاتیں۔ان کا یہ مذمتی بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تازہ دھمکی آمیز بیان کے بعد سامنے آیا ہے، جب صدر ٹرمپ نے ایران کے سب سے بڑے پل کی تباہی کی خبر اور تصاویر اپنے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہیں اور ایران کو پل اور سڑکیں تباہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ اب انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ امریکا ایک ہی رات میں ایران کو مکمل تباہ کرسکتا ہے۔

ریڈ کراس کا ادارہ پوری دنیا کےلیے جنیوا کنونشن پر عمل کرانے کے لیے ذمہ دار ادارہ ہے۔ اس کی طرف سے پہلے بھی خبردار کیا جا چکا ہے کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور شہری اہداف کو نشانہ نہ بنانے سے گریز کیا جائے۔صدر ریڈ کراس کمیٹی نے کہا کہ سویلینز اہداف کے لیے جان بوجھ کر دھمکیاں دینا اور سول انفرا سٹرکچر ، جوہری تنصیبات اور بجلی پیدا کرنے کے مراکز کو بھی نشانہ بنانے کی دھمکیاں دینا جنگ کے لیے نئی اقدار نہیں بننا چاہئیں۔اہم بات ہے کہ ریڈ کراس کی صدر کے بیان کے بعد صدرڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو ایران میں پاور پلانٹس اور پلوں کی تباہی کا دن قرار دیا ۔

سپالجارک نے مطالبہ کیا کہ ریاستوں کو چاہیے کہ وہ اپنے بیانات اور اقدامات کے دوران جنگی قانون کا احترام کریں، کیونکہ دنیا ایسے سیاسی کلچر کے تابع نہیں ہو سکتی جس میں زندگی پر موت کو فوقیت دی جاتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں ریڈ کراس کی ٹیمیں بمباری سے کی جانے والی تباہیوں کا جائزہ لے رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاور پلانٹس، پانی کی ترسیل، ہسپتالوں، سڑکوں، گھروں، سکولوں اور یونیورسٹیوں کو نشانہ بنانا تشویشناک ہے لیکن اس سے بھی زیادہ تشویشناک جوہری تنصیبات کو نشانہ بنانا ہے کہ ان حملوں کے اثرات آنے والی کئی انسانی نسلوں کے لیے بھی خطرناک ہوں گے۔ریڈ کراس صدر نے فوری طور پر تمام جنگی فریقین سے مطالبہ کیا کہ وہ سویلینز کو نشانہ نہ بنائیں ۔