سیکرٹری داخلہ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس ،وساکھی میلہ و خالصہ جنم دن کے موقع پر سکیورٹی و دیگراقدامات کا جائزہ لیا

سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وساکھی میلہ و 327 ویں خالصہ جنم دن کے موقع پر سکھ یاتریوں کی سکیورٹی اور مہمان نوازی بارے اقدامات کا جائزہ لیا گیاِ

لاہور۔7اپریل (اے پی پی):سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں وساکھی میلہ و 327 ویں خالصہ جنم دن کے موقع پر سکھ یاتریوں کی سکیورٹی اور مہمان نوازی بارے اقدامات کا جائزہ لیا گیاِ،صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق اور لاہور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اٹک اور نارووال کے ڈپٹی کمشنر ز نے ویڈیو لنک پر شرکت کی ، موٹر وے پولیس اور کسٹم سکیورٹی اداروں سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے،وساکھی فیسٹیول 10 سے 19 اپریل تک منایا جائے گا ۔ ناصر مشتاق نے کہا کہ یاتریوں کے لیے آ رام دہ بستر کی فراہمی کو یقینی بنایا گیاہے جبکہ رہائشی سہولیات کے لیے خوبصورت مارکیز لگائی جائیں گی ،گورودواروں اور قیام گاہوں پر فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اور میڈیکل کی سہولیات کے لیے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیںِ ،واہگہ پر بزرگ شہریوں اور خواتین کےلئے علیحدہ کائونٹرز قائم کیے جائیں گے۔ ناصر مشتاق نے کہا کہ گورودواروں اور قیام گاہوں کے اطراف سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے ہیں ،گورودواروں میں روشنی، پینے کے پانی، ائیر کنڈیشنر اور واش رومز کے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام تقریبات اور روٹس کی کڑی نگرانی کی جائے گی ،سی سی ٹی وی اور عارضی سکیورٹی کیمرے فوری طور پر نصب کیے جا رہے ہیں ۔مکمل کوآرڈینیشن کے لیے انتظامی افسران کے واٹس ایپ گروپ تشکیل دیے گئے ہیں ،روٹس اور گورودواروں کے اطراف انٹیلیجنس آ پریشن مکمل کر لیے گئے ہیں ، پاور سپلائی کمپنیاں گورودواروں پر بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ واہگہ بارڈر پر کسٹم کے 20 کائونٹر لگائے جائیں گے ،یاتریوں کے ہر کانوائے کے ساتھ ایک ایمبولینس اور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں ہوں گی، ہر قافلے کے ساتھ کم از کم ایک اضافی بس موجود ہوگی تاکہ کسی خرابی کی صورت میں متبادل فراہم کیا جا سکے جبکہ راستے کے روٹس پر سروس ایریاز کی سخت سکیورٹی انتظامات ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اضلاع میں فیلڈ ہسپتال اور کلینک آن ویلز قائم کیے جائیں گے اور ضروری ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے سکھ یاتری10 اپریل کو پاکستان آ ئیں گے ،ستھرا پنجاب عملے کی جانب سے تمام راستوں، قیام گاہوں اور گورودواروں پر صفائی یقینی بنائی گئی ہے ۔ان کا کہنا تھاکہ متعلقہ اضلاع کے ڈی سیز اور ڈی پی اوز تیار کردہ سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد یقینی بنائیں گے ۔

مزید خبریں