پاکستان میں سائنسی تحقیق کو قومی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، ڈاکٹر نیاز احمد

چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں سائنسی تحقیق کو قومی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور اس ضمن میں نیشنل سینٹر فار فزکس کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نیاز احمد نے کہا ہے کہ پاکستان میں سائنسی تحقیق کو قومی ترقی کے ساتھ ہم آہنگ کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور اس ضمن میں نیشنل سینٹر فار فزکس کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ یہ بات انہوں نے نیشنل سینٹر فار فزکس میں منعقدہ ’’انٹرنیشنل سکول آن فزکس اینڈ الائیڈ ڈسپلنز‘‘ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ایک خصوصی گفتگو میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے معیار کو عالمی سطح تک لے جانے کے لئے بین الاقوامی تعاون ناگزیر ہے،ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے نوجوان محققین جدید سائنسی رجحانات سے ہم آہنگ ہوں اور عالمی ماہرین کے تجربات سے براہ راست استفادہ کریں۔

ڈاکٹر نیاز احمد نے بتایا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن ملک میں تحقیق کے فروغ، جدید لیبارٹریز کے قیام اور نئی ٹیکنالوجیز کے فروغ کے لئے متعدد اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس، ڈیٹا سائنس اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر ٹیکنالوجی کی تیاری اور خود انحصاری ہماری ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے ہمیں اپنی افرادی قوت کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل این سی پی ڈاکٹر قیصر احسن نے بھی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ جدید سائنسی تحقیق خصوصاً آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور ڈیٹا سائنس کے میدان میں نمایاں پیش رفت کر رہا ہے اور عالمی اداروں کے ساتھ اشتراک کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ چیئرمین ایچ ای سی نے آخر میں اس عزم کا اظہار کیا کہ اس نوعیت کی بین الاقوامی سرگرمیاں پاکستان میں سائنسی تحقیق کے فروغ، نوجوانوں کی تربیت اور عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گی۔