سعودی عرب ’’روڈ ٹو مکہ‘‘ منصوبے میں لاہور کی شمولیت پر رضا مند،امسال لاہور سے 29 ہزار سے زائد عازمینِ 104پروازوں کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہوں گے
سعودی عرب ’’روڈ ٹو مکہ‘‘ منصوبے میں لاہور کی شمولیت پر رضا مند،امسال لاہور سے 29 ہزار سے زائد عازمینِ 104پروازوں کے ذریعے سعودی عرب روانہ ہوں گے

مزید خبریں
خرم شہزاد
اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):سعودی حکومت نے عازمینِ حج کو روانگی سے قبل دوہری امیگریشن کی سہولت فراہم کرنے والے اپنے تاریخی منصوبے’’ روڈ ٹو مکہ‘‘ میں لاہور کو باقاعدہ طور پر شامل کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ اس فیصلے کے بعد آنے والے چند دنوں میں لاہور ایئرپورٹ پر اس منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جائے گا، جس سے پنجاب کے عازمینِ حج کا طویل انتظار ختم ہو جائے گا۔وزارتِ مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر سردار محمد یوسف اس اہم ترین پراجیکٹ میں لاہور کی شمولیت کے لئے مسلسل کوشاں تھے اور انہوں نے اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران بھی سعودی حکام کے ساتھ اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر اٹھایا تھا۔
اس سفارتی کامیابی کے نتیجے میں اب لاہور کے عازمین کو بھی وہی عالمی معیار کی سہولیات میسر ہوں گی جو پہلے صرف اسلام آباد اور کراچی کے لئے مخصوص تھیں۔رواں سال لاہور ایئرپورٹ سے مجموعی طور پر 104 پروازوں کے ذریعے 29 ہزار 924 عازمینِ حج مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوں گے۔ یہ پہلی بار ہوگا کہ لاہور اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے ان ہزاروں عازمین کو روانگی سے قبل ہی لاہور ایئرپورٹ پر سعودی امیگریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی جس کے باعث وہ جدہ یا مدینہ ایئرپورٹ پہنچنے پر امیگریشن کے طویل مراحل اور انتظار سے مستثنیٰ قرار پائیں گے۔
واضح رہے کہ ’’ روڈ ٹو مکہ‘‘ پراجیکٹ کے تحت عازمین کی سعودی عرب کے لئے امیگریشن اور کسٹمز کی کارروائی پاکستان کے ایئرپورٹ پر ہی مکمل کر لی جاتی ہے جس کے بعد وہ وہاں پہنچ کر براہِ راست اپنی قیام گاہوں کی طرف روانہ ہو سکتے ہیں۔ لاہور کے شہریوں کی جانب سے یہ دیرینہ مطالبہ تھا کہ اسلام آباد اور کراچی کی طرز پر انہیں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور کی ذاتی دلچسپی اور سعودی حکام کے تعاون سے اب یہ مطالبہ پورا ہو گیا ہے، جس سے حج کے مقدس سفر میں عازمین کے لئے غیر معمولی آسانی پیدا ہو جائے گی۔ لاہور ایئرپورٹ پر منصوبے کے باقاعدہ آغاز کے لئے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔








