پیپرا کی ای پروکیورمنٹ پلیٹ فارم ای پیڈز کے خلاف الزامات کی تردید

پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) نےاخبارات میں شائع ہونے والے ایک بیان میں ای پیڈز کے خلاف لگائے گئےالزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ پ

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیپرا) نےاخبارات میں شائع ہونے والے ایک بیان میں ای پیڈز کے خلاف لگائے گئےالزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔ پیپرا ترجمان نے وضاحت کی کہ ای پیڈز ڈیٹا کی حفاظت کے لئے بین الاقوامی پروٹوکولز اور معیارات پر عمل کرتا ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ یہ نظام ورلڈ بینک کی تکنیکی معاونت سے تیار کیا گیا ہے اور اس کا سکیورٹی آڈٹ بین الاقوامی تکنیکی ماہرین کے ذریعے کیا گیا ہےجو ای پیڈز کی افادیت، قابلِ اعتماد ہونے اور ساکھ کا واضح ثبوت ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ای پیڈزایک قومی اور سٹریٹجک اہمیت کا منصوبہ ہے جو وزیرِاعظم کے ڈیجیٹل پاکستان وژن اور پاکستان کے بین الاقوامی وعدوں کے مطابق شفافیت اور دیانتداری کو یقینی بنانے کے لئے نافذ کیا گیا ہے۔

میڈیا میں غیر مصدقہ بیانات دینا قومی مقاصد کو نقصان پہنچاتا ہے۔پیپرا نے اس بات کی اعادہ کیا کہ ای پروکیورمنٹ کا نظام ہر مرحلے پر مکمل آڈٹ ٹریل اور محفوظ ریکارڈ کے ذریعے شفافیت کو یقینی بناتا ہے۔ اگر کسی فریق کے پاس کوئی ٹھوس ثبوت موجود ہے تو وہ اتھارٹی کو باضابطہ طور پر پیش کرے۔ پیپرا اس کا جائزہ لے گا اور بدعنوانی ثابت ہونے پر سخت کارروائی کرے گا۔ پیپرا ترجمان کا کہنا تھا کہ بے بنیاد الزامات نہ صرف گمراہ کن ہیں بلکہ عوامی خریداری اصلاحات کی ساکھ کو بھی نقصان پہنچاتے ہیں لہذا اس عمل سے گریز کیا جائے۔