ایچ ای سی فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام سے 300 یونیورسٹی اساتذہ مستفید

ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کا فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام (ایف ڈی پی) ملک میں تعلیمی اور تحقیقی ماحول کو مستحکم بنا رہا ہے، سکالرشپ سے اب تک یونیورسٹی کے تقریباً 300 فیکلٹی اراکین کی پیشہ وارانہ صلاحیت میں اضافہ کیا گیا ہے

اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):ہائرایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان کا فیکلٹی ڈویلپمنٹ پروگرام (ایف ڈی پی) ملک میں تعلیمی اور تحقیقی ماحول کو مستحکم بنا رہا ہے، سکالرشپ سے اب تک یونیورسٹی کے تقریباً 300 فیکلٹی اراکین کی پیشہ وارانہ صلاحیت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ منگل کو ترجمان نے بتایا کہ تقریباً 110 سکالرز نے کامیابی کے ساتھ پی ایچ ڈی کی ڈگریاں مکمل کر لی ہیں اور اب وہ قومی تحقیق، جدت طرازی اور پاکستان کے اعلیٰ تعلیم کے شعبے کی مجموعی بہتری کے لئے سرگرم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ایچ ای سی نے 2017 میں ایف ڈی پی کا آغاز کیا تاکہ یونیورسٹی کے فیکلٹی کو مختلف شعبوں میں وظائف کی پیشکش کی جا سکے۔ پروگرام کا مقصد جامعات کے اساتذہ کی تدریسی اور تحقیقی صلاحیتوں کو بین الاقوامی معیارات کے مطابق بڑھانا ہے۔

ایچ ای سی اس اقدام کے تحت اب تک 300 کے قریب وظائف دے چکا ہے جس میں بیچ ون میں 57، بیچ ٹو میں 84، بیچ تھری میں 137 اور بیچ فور میں 17 وظائف شامل ہیں۔ فیکلٹی اراکین جو کم از کم 18 سال کی تعلیم کے ساتھ ماسٹر ڈگری رکھتے ہیں اس اقدام سے مستفید ہونے کے اہل ہیں۔ اس پروگرام کے تحت سکالرز کو پاکستان میں اپنی ڈاکٹریٹ کی تحقیق شروع کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور اپنی تعلیم کے مناسب مرحلے پر چھ سے بارہ ماہ کی ریسرچ پلیسمنٹ کے لئے بیرون ملک جانا ہوتا ہے۔ اس عرصے کے دوران سکالرز کیو ایس ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ کی ٹاپ 200 اداروں میں شامل جامعات میں بین الاقوامی شہرت یافتہ فیکلٹی کی نگرانی میں جدید تحقیق کرتے ہیں۔ ایف ڈی پی کے ذریعے ایچ ای سی ملک بھر کی سرکاری اور نجی شعبے کی یونیورسٹیوں میں خدمات انجام دینے والے فیکلٹی ممبران کی پیشہ وارانہ اور تعلیمی صلاحیت کو مضبوط بنانے کے لئے پُرعزم ہے۔