مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور پاکستان کی کامیاب سفارتکاری خطے کے استحکام کے لیے خوش آئندہے،صدر ایف پی سی سی آئی

مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور پاکستان کی کامیاب سفارتکاری خطے کے استحکام کے لیے خوش آئندہے،صدر ایف پی سی سی آئی

اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) عاطف اکرام شیخ نے مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی اور پاکستان کی کامیاب سفارتکاری پر ردعمل دیتے ہوئے اسے خطے کے استحکام کے لیے خوش آئند پیش رفت قرار دیا ہے۔

بدھ کے روز اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے لیے پاکستانی قیادت کی کوششیں شاندار اور کامیاب سفارتکاری کی روشن مثال ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی مؤثر سفارتکاری نے خطے میں امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے۔عاطف اکرام شیخ نے وزیر اعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کو اس عالمی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قیادت کی انتھک کوششوں کے باعث نہ صرف لاکھوں قیمتی جانیں بچیں بلکہ عالمی معیشت کو درپیش سنگین خطرہ بھی عارضی طور پر ٹل گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، مذاکرات اور استحکام کی حمایت کی ہے اور خطے میں کشیدگی کے خاتمے سے تجارتی سرگرمیوں میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بزنس کمیونٹی امن و استحکام کے فروغ کے لیے حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔

صدر ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں امن پاکستان سمیت پوری دنیا کے مفاد میں ہے اور پاکستان کی سفارتی کامیابی عالمی سطح پر مثبت تاثر کو اجاگر کرتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقل جنگ بندی کے لیے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کامیاب ہوں گے اور پاکستان کی ثالثی میں امن کا عمل مزید آگے بڑھے گا۔