قائم مقام صدر آزاد کشمیرکا امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم

قائم مقام صدر آزاد کشمیرکا امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم

اسلام آباد۔9اپریل (اے پی پی):قائم مقام صدر آزاد کشمیر چوہدری لطیف اکبر نے امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے امن و استحکام کی جانب اہم اور مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا ہےکہ جنگ بندی سے نہ صرف کشیدگی میں کمی آئے گی بلکہ معصوم شہریوں کو بھی ایک پرامن ماحول میسر آئے گا جو طویل عرصے سے خوف اور بے یقینی کا شکار تھے۔

قائم مقام صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن کا خواہاں رہا ہے اور حالیہ پیش رفت اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر اپنا کردار بھرپور انداز میں ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے صدر مملکت ، وزیراعظم اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی مدبرانہ، دور اندیش اور جراتمندانہ قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خصوصاً مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور فیلڈ مارشل کی غیر معمولی عسکری حکمت عملی نے نہایت اہم اور فیصلہ کن کردار ادا کیا جس کے نتیجے میں یہ کامیابی ممکن ہوئی۔

انہوں نے برادر اسلامی ممالک کے مثبت اور تعمیری کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان ممالک نے ہمیشہ مشکل گھڑی میں امن کے قیام کے لیے پاکستان کا ساتھ دیا اور خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے موثر کردار ادا کیا جو قابل تحسین ہے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ جنگ بندی مستقل اور پائیدار امن کی بنیاد ثابت ہوگی اور تمام فریقین ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس عمل کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق ہونا چاہیے تاکہ خطے میں دیرپا امن قائم ہو سکے۔ قائم مقام صدر آزاد کشمیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد کشمیر کی قیادت اپنے عوام کے تحفظ، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہرممکن اقدامات کرے گی اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھے گی۔