مریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ خلیجی خطے میں دو ہفتوں کی جنگ بندی کے حصول میں پاکستان کی خاموش اور حساس سفارتکاری نے اہم کردار ادا کیا ہے
امریکا ایران جنگ بندی میں پاکستان کا کلیدی کرداررہا، سفیر رضوان سعید شیخ

مزید خبریں
واشنگٹن ۔9اپریل (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ خلیجی خطے میں دو ہفتوں کی جنگ بندی کے حصول میں پاکستان کی خاموش اور حساس سفارتکاری نے اہم کردار ادا کیا ہے۔فرانس 24 کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ یہ جنگ بندی پسِ پردہ ہونے والی نہایت حساس بات چیت کا نتیجہ ہے، جس کا اعلان وزیر اعظم شہباز شریف نے کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ترکیہ، مصر، قطر، سعودی عرب اور چین سمیت مختلف علاقائی و عالمی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کشیدگی کم کرنے میں کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق مذاکرات کو جان بوجھ کر میڈیا سے دور رکھا جا رہا ہے تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی یا متضاد بیانیہ سامنے نہ آئے۔سفیر نے کہا کہ پاکستان کی غیر جانبدار پالیسی اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی پاسداری نے اسے ایک قابلِ اعتماد ثالث کے طور پر پیش کیا ہے، جس کی بدولت وہ مختلف فریقین کے ساتھ مؤثر رابطہ رکھ سکا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جاری مذاکرات ایک مستقل اور جامع معاہدے کی طرف بڑھیں گے، جبکہ لبنان جیسے متاثرہ ممالک میں بھی امن کی راہ ہموار ہو سکے گی۔رضوان سعید شیخ نے خبردار کیا کہ کشیدگی میں اضافے سے شہریوں اور خطے کے استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے تھے، خصوصاً آبنائے ہرمز کی اہمیت کے پیش نظر، جہاں سے پاکستان کی توانائی کی بڑی ترسیل ہوتی ہے۔انہوں نے تمام فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور سفارتی عمل کو آگے بڑھنے دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئندہ دنوں میں بھی امن اور استحکام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔








