عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس اذانوم گریبیسس نے اسرائیل سے لبنان کے ایک علاقے سے انخلا کے حکم کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردارکیا ہے کہ اس اقدام سے سینکڑوں مریضوں کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے۔
لبنان سے انخلا کا حکم واپس لیا جائے، ڈبلیو ایچ او کا اسرائیل سے مطالبہ

مزید خبریں
جنیوا ۔10اپریل (اے پی پی):عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ ٹیڈروس اذانوم گریبیسس نے اسرائیل سے لبنان کے ایک علاقے سے انخلا کے حکم کو واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردارکیا ہے کہ اس اقدام سے سینکڑوں مریضوں کی جان خطرے میں پڑ سکتی ہے۔شنہوا کے مطابق اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی دفاعی افواج کی جانب سے جاری کردہ انخلا کا حکم بیروت کے جنوبی علاقے جناح کو نشانہ بناتا ہے، جہاں دو بڑے اسپتال واقع ہیں۔ ان کے مطابق ان اسپتالوں میں تقریباً 450 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں 40 انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان مریضوں کی منتقلی کے لیے کوئی متبادل طبی سہولیات دستیاب نہیں، جس کے باعث انخلا “عملی طور پر ممکن نہیں۔ دونوں اسپتال پہلے ہی مکمل گنجائش پر کام کر رہے ہیں اور حالیہ حملوں میں زخمی ہونے والوں کو بھی علاج فراہم کر رہے ہیں۔عالمی ادارۂ صحت کے سربراہ نے نشاندہی کی کہ متاثرہ علاقے میں وزارتِ صحت کا ایک کمپلیکس اور پانچ پناہ گاہیں بھی موجود ہیں، جہاں 5 ہزار سے زائد افراد مقیم ہیں۔انہوں نے اسرائیل پر زور دیا کہ وہ تمام طبی مراکز، طبی عملے، مریضوں اور شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے۔








