جاپان کا روس کے ساتھ جاری تنازعات کے باوجود سفارتی رابطوں کو برقرار رکھنے پر زور

جاپان نے روس کے ساتھ جاری تنازعات کے باوجود سفارتی رابطوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ تاس کے مطابق یہ مؤقف جاپانی وزارتِ خارجہ کی سالانہ رپورٹ میں پیش کیا گیا۔

ٹوکیو۔10اپریل (اے پی پی):جاپان نے روس کے ساتھ جاری تنازعات کے باوجود سفارتی رابطوں کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ تاس کے مطابق یہ مؤقف جاپانی وزارتِ خارجہ کی سالانہ رپورٹ میں پیش کیا گیا۔رپورٹ، جسے کابینہ اجلاس میں پیش کیا، میں کہا گیا ہے کہ جاپان اور روس کے درمیان کئی حل طلب مسائل موجود ہیں، اس لیے دونوں ممالک کے درمیان بامقصد مذاکرات جاری رکھنا ضروری ہے۔وزارتِ خارجہ نے یوکرین کی حمایت جاری رکھنے اور روس پر پابندیوں کے دباؤ کو برقرار رکھنے کی بھی سفارش کی، جو 2022 سے جاپان کی پالیسی کا حصہ ہے۔

رپورٹ میں امن معاہدے کی ضرورت اور علاقائی تنازع کے حل پر بھی زور دیا گیا۔واضح رہے کہ جاپان اور روس کے درمیان دوسری جنگ عظیم کے بعد سے امن معاہدے پر مذاکرات جاری ہیں، تاہم جزائر کوریل کے جنوبی حصے کی ملکیت پر اختلاف اس کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔ جاپان اتوروپ، کوناشیر، شیکوتان اور دیگر چھوٹے جزیروں پر دعویٰ رکھتا ہے، جبکہ روس ان علاقوں پر اپنی خودمختاری کو حتمی قرار دیتا ہے۔

یاد رہے کہ 2022 میں یوکرین بحران کے بعد روس نے جاپان کے ساتھ امن معاہدے پر مذاکرات اور مشترکہ اقتصادی سرگرمیوں سے متعلق بات چیت معطل کر دی تھی۔