سعودی عرب کی وزارتِ سیاحت نے حج سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائشی ہوٹلز اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کے لیے ضوابط جاری کردیئے ہیں۔
سعودی عرب ، وزارتِ سیاحت کی جانب سے مکہ و مدینہ کے ہوٹلوں کے لیے حج ضوابط جاری
ریاض ۔11اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کی وزارتِ سیاحت نے حج سیزن کی تیاریوں کے حوالے سے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں رہائشی ہوٹلز اور فرنشڈ اپارٹمنٹس کے لیے ضوابط جاری کردیئے ہیں۔اخبار 24 کے مطابق رہائشی سیکٹر میں خلاف ورزیوں پر سخت سزاوں اور جرمانوں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ سنگین نوعیت کی خلاف ورزی پر لائسنس معطل یا منسوخ بھی کیا جاسکتا ہے۔وزارت کی جانب سے جاری ضوابط میں کہا گیا ہے کہ حج سیزن کے دوران دہرائی جانے والی خلاف ورزی پر مقررہ جرمانہ دگنا کردیا جائے گا۔
وزارت نے واضح کیا ہے کہ وہ خلاف ورزیاں جن پر مالی سزائیں مقرر نہیں، ایسی صورت میں خلاف ورزی دہرائے جانے پر متعلقہ کمیٹی عارضی طورپر ادارہ کو سیل یا اس کا لائسنس معطل کرنے کا بھی اختیار رکھتی ہے، جبکہ تیسری بار خلاف ورزی ریکارڈ کیے جانے کی صورت میں لائسنس مکمل طورپر منسوخ کیا جاسکتا ہے۔









