کولمبیا نے پڑوسی ملک ایکواڈور کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران جوابی اقدام کے طور پر درآمدی محصولات 30 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
کولمبیا اور ایکواڈور کے درمیان کشیدگی، درآمدی محصولات 100 فیصد تک بڑھانے کا اعلان

مزید خبریں
بوگوٹا ۔11اپریل (اے پی پی):کولمبیا نے پڑوسی ملک ایکواڈور کے ساتھ بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران جوابی اقدام کے طور پر درآمدی محصولات 30 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔شنہو ا کے مطابق کولمبیا کی وزیر تجارت ڈیانا مورالس نے جاری بیان میں کہا کہ ایکواڈور کی جانب سے ایک روز قبل محصولات کو 50 فیصد سے بڑھا کر 100 فیصد کرنے کے فیصلے نے کولمبیا کو بھی اپنی پالیسی ہم آہنگ کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔
انہوں نے ایکواڈور کے اقدام کو مسابقت کے اصولوں کے خلاف قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے مقامی صنعتکار متاثر ہو رہے ہیں۔وزیر تجارت کے مطابق نئی پالیسی پر فوری عملدرآمد کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کولمبیا نے مسئلے کے حل کے لیے سفارتی سطح پر بات چیت کی کوششیں کیں، تاہم کوئی مثبت جواب موصول نہیں ہوا۔ڈیانا مورالس کا کہنا تھا کہ حکومت نے دونوں ممالک کے کاروباری افراد اور سرحدی علاقوں میں رہنے والی کمیونٹیز کے مفاد میں مذاکرات کے دروازے کھلے رکھے، مگر ناکامی کے بعد یہ اقدام ناگزیر ہو گیا۔ادھر کولمبیا نے اعلان کیا ہے کہ متاثرہ کاروباری اداروں کو سہارا دینے کے لیے مالی معاونت، قرضہ سہولیات اور دیگر امدادی اقدامات بھی متعارف کرائے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ایکواڈور نے حالیہ مہینوں میں تجارتی خسارے اور سرحدی علاقوں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات نہ کرنے کے الزامات کے تحت کولمبیا پر محصولات میں اضافہ کیا تھا، جس کی کولمبیا نے تردید کی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تنازع اس وقت مزید شدت اختیار کر گیا جب کولمبیا کے صدر نے ایکواڈور کے سابق نائب صدر خورخے گلاس کو "سیاسی قیدی” قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔








