پاکستان خطہ کے بحران کے حل میں کلیدی کردار ادا کرنے میں پیش پیش ، یہودو ہنود گٹھ جوڑ پر مودی سرکار پر شدید تنقید

یہودو ہنود گٹھ جوڑ پر مودی سرکار شدید تنقید کی زد میں ہے جبکہ پاکستان خطہ کے بحران کے حل میں کلیدی کردار ادا کرنے میں پیش پیش ہے۔

اسلام آباد۔13اپریل (اے پی پی):یہودو ہنود گٹھ جوڑ پر مودی سرکار شدید تنقید کی زد میں ہے جبکہ پاکستان خطہ کے بحران کے حل میں کلیدی کردار ادا کرنے میں پیش پیش ہے۔ مشرق وسطیٰ میں امن کے لئے پاکستان کے تعمیری کردار کاعالمی سطح پر اعتراف کیا جارہا ہے جبکہ دوغلی پالیسیوں کے باعث بھارت شدید بوکھلاہٹ کا شکارہے۔امریکی جریدہ دی نیشنل انٹرسٹ کے مطابق ایران اسرائیل جنگ پر خاموشی اختیار کرنے کی وجہ سے مودی سرکار کو ملک کے اندر شدید تنقید کا سامنا ہے،پاکستان اسرائیل کے ساتھ تناؤ کے باوجوداس بحران کے حل میں ایک کلیدی فریق کے طور پر کردار ادا کر رہاہے،

پاکستان کی سفارتی کوششوں کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر بھڑکنے والی جنگ کا خطرہ ٹل گیاہے،دی نیشنل انٹرسٹ کے مطابق پاکستان کے بطور ثالث کردار پر بھارتی اپوزیشن قیادت کی جانب سے شدید ردِعمل اور غصے کا اظہار کیا گیا۔کانگریس لیڈر ششی تھرور نے اعتراف کیا کہ پاکستان سفارتی طور پر بھارت سے کہیں بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے،بی جے پی کے حامی انتہا پسند حلقوں میں اسرائیل کی مقبولیت کی ایک بڑی وجہ اس کا مبینہ اسلام دشمن تشخص ہے۔ماہرین کے مطابق بھارت کے ہندو انتہا پسند حلقوں میں اسرائیل کی حمایت اسلام مخالف نظریاتی مماثلت پر مبنی ہے، جس نے بھارت کو دنیا میں تنہا کر دیا ہے،پاکستان بہترین سفارتکاری اور کامیاب ملٹری ڈپلومیسی کی بدولت دنیا میں ایک بااعتماد اور باوقار طاقت کے طور پر ابھرا چکاہے۔