انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کرتے ہوئے خواتین کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل قائم کر دیا ہے۔
آئی سی سی نے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کیلئے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کر دیا،ترجمان
لاہور۔13اپریل (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے ریکارڈ انعامی رقم کا اعلان کرتے ہوئے خواتین کرکٹ کی تاریخ میں ایک نیا سنگ میل قائم کر دیا ہے۔ آئی سی سی کے مطابق اس ٹورنامنٹ کے لیے مجموعی انعامی فنڈ 87 لاکھ 64 ہزار 615 امریکی ڈالر رکھا گیا ہے، جو 2024 کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ہے۔ یہ اضافہ خواتین کرکٹ میں بڑھتی ہوئی مقبولیت، سرمایہ کاری اور عالمی سطح پر اس کھیل کے پھیلائو کی واضح علامت قرار دیا جا رہا ہے۔اس ٹورنامنٹ میں فاتح ٹیم کو 23 لاکھ 40 ہزار ڈالر دیے جائیں گے جبکہ رنر اپ ٹیم کو 11 لاکھ 70 ہزار ڈالر ملیں گے۔ سیمی فائنل میں شکست کھانے والی ٹیموں کے لیے بھی 6 لاکھ 75 ہزار ڈالر کی انعامی رقم مقرر کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ہر میچ جیتنے پر ٹیموں کو 31 ہزار 154 ڈالر دیے جائیں گے، جو ٹورنامنٹ میں ہر مقابلے کو مزید اہم بنا دیتا ہے۔ آئی سی سی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی تمام 12 ٹیموں کو کم از کم 2 لاکھ 47 ہزار 500 ڈالر کی ضمانت شدہ رقم دی جائے گی تاکہ ہر ٹیم کو عالمی ایونٹ میں شرکت کا مالی فائدہ حاصل ہو سکے۔یہ میگا ایونٹ 12 جون 2026 سے انگلینڈ میں شروع ہوگا۔ افتتاحی میچ برمنگھم کے ایجبسٹن سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں میزبان انگلینڈ کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں دنیا کی 12 بہترین ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں آسٹریلیا، بنگلہ دیش، بھارت، آئرلینڈ، نیدرلینڈز، نیوزی لینڈ، پاکستان، سکاٹ لینڈ، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز اور دیگر کوالیفائی کرنے والی ٹیمیں شامل ہیں۔ یہ تمام ٹیمیں مجموعی طور پر 33 میچوں پر مشتمل مقابلوں میں حصہ لیں گی جو 7 مختلف مقامات پر 24 دن تک جاری رہیں گے۔
ٹورنامنٹ سے قبل آئی سی سی نے ٹرافی ٹور کا بھی آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد شائقین میں جوش و خروش پیدا کرنا اور خواتین کرکٹ کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینا ہے۔ یہ ٹرافی سب سے پہلے لندن کے مشہور لارڈز کرکٹ گرانڈ میں رکھی گئی جہاں اس کی ایک شاندار پروجیکشن بھی دکھائی گئی، جو لارڈز کی تاریخی پویلین پر اپنی نوعیت کی پہلی پیشکش تھی۔ٹرافی ٹور اس کے بعد یورپ کے مختلف ممالک کا سفر کرے گا، جن میں نیدرلینڈز، آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ شامل ہیں۔ بعد ازاں یہ ٹرافی میزبان شہروں کا بھی دورہ کرے گی جن میں لیڈز، مانچسٹر، برمنگھم، برسٹل، ساتھمپٹن اور لندن شامل ہیں۔ ان مقامات پر شائقین کے لیے مختلف تقریبات اور سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
آئی سی سی حکام کے مطابق خواتین کرکٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور اس ورلڈ کپ کا مقصد نہ صرف عالمی معیار کا مقابلہ فراہم کرنا ہے بلکہ خواتین کھلاڑیوں کو مردوں کے برابر مواقع اور پذیرائی دینا بھی ہے۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر کے مطابق یہ ایونٹ خواتین کرکٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اور سب سے زیادہ شائقین کو اپنی طرف متوجہ کرنے والا ٹورنامنٹ ثابت ہوگا، جس میں ریکارڈ ٹکٹ سیلز اور ناظرین کی شرکت متوقع ہے۔









