سابق چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن پرویز بٹ انتقال کر گئے

"پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سابق چیئرمین، ممتاز سائنس دان اور انجینئر پرویز بٹ 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ایٹمی سائنس، قومی دفاع اور پاکستان کے اسٹریٹجک پروگرام کے فروغ میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔”

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سابق چیئرمین ممتاز سائنس دان ،انجینئر اور منتظم پرویز بٹ نشانِ امتیاز ، ہلالِ امتیاز اور ستارہ امتیاز ، 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔

یہاں جاری بیان کے مطابق پرویز بٹ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے سابق چیئرمین اور پاکستان کے اسٹریٹجک و ایٹمی پروگرام کے بانی اراکین میں شامل تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی کے چار دہائیوں سے زائد عرصے کو پاکستان میں ایٹمی سائنس، جدید ٹیکنالوجی اور قومی دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے وقف کیے رکھا۔ان کی بصیرت افروز قیادت، اعلیٰ فنی مہارت اور وطن سے بے مثال وابستگی نے پاکستان کی سائنسی و تکنیکی ترقی پر گہرے اور دیرپا اثرات مرتب کئے۔پرویز بٹ نے مئی 1963 میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن میں شمولیت اختیار کی اور 43 برس سے زائد عرصے تک ادارے کی نمایاں خدمات انجام دیں۔ اپنے طویل اور شاندار کیریئر کے دوران انہوں نے سائنسی، انجینئرنگ اور انتظامی شعبوں میں متعدد اہم ذمہ داریاں سنبھالیں۔ پاکستان کے مقامی ایٹمی فیول سائیکل، نیوکلیئر پاور پروگرام، انجینئرنگ اور اسٹریٹجک صلاحیتوں کے فروغ میں ان کا کردار انتہائی اہم رہا۔ ان کی کاوشوں سے صحت، زراعت، صنعت، تحقیق اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں ایٹمی ٹیکنالوجی کے پُرامن استعمال کو فروغ ملا جبکہ پاکستان کی تکنیکی خود انحصاری اور اسٹریٹجک استعداد بھی مزید مضبوط ہوئی۔ان کی غیر معمولی پیشہ ورانہ خدمات اور قائدانہ صلاحیتوں کے اعتراف میں انہیں 2001 میں پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا۔ انہوں نے 2006 میں اپنی ریٹائرمنٹ تک کمیشن کی قیادت کرتے ہوئے پاکستان کے ایٹمی سائنس و ٹیکنالوجی پروگرامز کی توسیع اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ریٹائرمنٹ کے بعد بھی پرویز بٹ نے قومی خدمت کا سفر جاری رکھا۔ آپ 2006 سے 2008 تک وزارتِ سائنس و ٹیکنالوجی میں وفاقی سیکرٹری کے طور پر خدمات انجام دیتے رہے، جبکہ بعد ازاں 2013 تک پلاننگ کمیشن آف پاکستان میں نیوکلیئر انرجی کے مشیر رہے۔ اپنی وفات تک وہ نیشنل کمانڈ اتھارٹی اور اسٹریٹجک پلانز ڈویژن کے مشیر کی حیثیت سے قومی اسٹریٹجک اور ایٹمی امور پر قیمتی رہنمائی بھی فراہم کرتے رہے۔ملک کے لیے ان کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں اعلیٰ ترین سول اعزازات سے نوازا، جن میں ستارہ امتیاز (1998)، ہلالِ امتیاز (1999) اور نشانِ امتیاز (2015) شامل ہیں۔پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اپنے سابق چیئرمین پرویز بٹ کی بے مثال قومی، سائنسی اور اسٹریٹجک خدمات کو ہمیشہ انتہائی عزت، احترام اور فخر کے ساتھ یاد رکھے گا۔ان کا انتقال ملک کے سائنسی، تکنیکی اور اسٹریٹجک شعبوں کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔