فیصل آباد میں چار روزہ سرسبز نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کل شروع ہوگی

فیصل آباد میں چار روزہ سرسبز نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کل سے شروع ہوگی جس میں پاکستان کے قومی اداروں کی آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔

فیصل آباد۔ 13 اپریل (اے پی پی):فیصل آباد میں چار روزہ سرسبز نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کل سے شروع ہوگی جس میں پاکستان کے قومی اداروں کی آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔ مرکزی جنرل سیکرٹری پاکستان کبڈی فیڈریشن محمد سرور رانا کے مطابق فیصل آباد میں چار روزہ سرسبز نیشنل کبڈی چیمپئن شپ کی(کل) 14 اپریل بروز منگل کو رنگا رنگ افتتاحی تقریب ملک پور کبڈی اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی جس کے مہمان خصوصی مرکزی صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین جبکہ دیگرمہمانوں میں کمشنر فیصل آباد، ڈی سی فیصل آباد، سی پی او، آر پی او اور ممبران پارلیمنٹ ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ 14اپریل تا 17 اپریل تک منعقد ہونے والی سرسبز نیشنل کبڈی چیمپئن شپ میں پاکستان کے قومی اداروں پاک آرمی، ائیر فورس، ائیر پورٹ سکیورٹی فورس، ہائیر ایجوکیشن، واپڈا اور پاکستان ریلوے پولیس سمیت آٹھ ٹیمیں شرکت کریں گی۔انہوں نے بتایا کہ مذکورہ کبڈی چیمپئن شپ کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔