اذان اویس ان دنوں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ریڈ بال کیمپ میں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں مصروف ہیں، جہاں 21 سالہ ابھرتے ہوئے نوجواں کھلاڑی اپنی بیٹنگ کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔
این سی اے ریڈ بال کیمپ سیکھنے کا بہترین موقع فراہم کر رہا ہے ،اذان اویس
لاہور۔14اپریل (اے پی پی): اذان اویس ان دنوں نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے ریڈ بال کیمپ میں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے میں مصروف ہیں، جہاں 21 سالہ ابھرتے ہوئے نوجواں کھلاڑی اپنی بیٹنگ کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔اذان اویس نےحالیہ عرصے میں ڈومیسٹک ریڈ بال کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے 2024-25 سیزن میں سیالکوٹ ریجن کی نمائندگی کرتے ہوئے 844 رنز بنا کر بیٹنگ چارٹس میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ اپنے پہلے فرسٹ کلاس سیزن، قائداعظم ٹرافی میں انہوں نے 4 سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں سکور کیں اور اپنی ٹیم کو ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں بھی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 578 رنز سکور کیےجبکہ قائداعظم ٹرافی 2025-26 میں 803 رنز بنا کر ٹیم کو فائنل تک پہنچایا۔ مزید برآں سوئی نادرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے انہوں نے 448 رنز بھی اپنے نام کیے۔اذان اویس نے منگل کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ این سی اے ریڈ بال کیمپ انہیں سیکھنے کا بہترین موقع فراہم کر رہا ہے اور گزشتہ دو سیزنز ان کے فرسٹ کلاس کیریئر کے لیے نہایت اہم ثابت ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق انگلینڈ کا دورہ مشکل ضرور تھا مگر سیکھنے کے حوالے سے انتہائی مفید رہا جبکہ مختلف کنڈیشنز میں کھیلنے سے ان کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے اپنے مستقبل کے اہداف کے حوالے سے کہا کہ وہ پاکستان کی جانب سے تینوں فارمیٹس میں کھیلنا چاہتے ہیں، تاہم ٹیسٹ کرکٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی ان کا خاص ہدف ہے۔









