پوپ لیو کا جنگ کے خلاف آواز بلند رکھنے کا اعلان، امریکی صدر کے بیان پر ردعمل سے گریز

مسیحی دنیا کے پیشوا پوپ لیو نے کہا ہے کہ وہ جنگ کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے، چاہے انہیں تنقید کا سامنا ہی کیوں نہ ہو۔

الجزائر ۔14اپریل (اے پی پی):مسیحی دنیا کے پیشوا پوپ لیو نے کہا ہے کہ وہ جنگ کے خلاف اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے، چاہے انہیں تنقید کا سامنا ہی کیوں نہ ہو۔خبر رساں ادارے رائٹرزکے مطابق پوپ لیو نے الجزائر کے دورے کے دوران صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی قسم کی ذاتی بحث میں پڑنے کے خواہاں نہیں، تاہم امن، مکالمے اور عالمی تعاون کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بے شمار لوگ جنگوں کی وجہ سے متاثر ہو رہے ہیں اور معصوم جانیں ضائع ہو رہی ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ کوئی نہ کوئی امن کا پیغام بلند کرے۔پوپ لیو نے اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ مذہب کے پیغام کو بعض حلقوں کی جانب سے غلط انداز میں استعمال کیا جا رہا ہے جبکہ ان کے مطابق انجیل کا اصل پیغام امن اور بھائی چارہ ہے۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پوپ لیو پر تنقید کرتے ہوئے انہیں خارجہ پالیسی کے معاملات میں کمزور قرار دیا تھا۔پوپ لیو نے واضح کیا کہ وہ اپنے کردار کو سیاسی نہیں سمجھتے بلکہ ان کا مقصد صرف امن اور انسانیت کی بھلائی کو فروغ دینا ہے۔

مزید خبریں