آئی سی سی نے مارچ کیلئے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈز کا اعلان کر دیا

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مارچ کیلئے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈز کا اعلان کر دیا، جس میں بھارت کے اوپنر سنجو سیمسن اور نیوزی لینڈ کی آل رانڈر امیلیا کیر کو یہ اعزاز دیا گیا۔

لاہور۔14اپریل (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مارچ کیلئے پلیئر آف دی منتھ ایوارڈز کا اعلان کر دیا، جس میں بھارت کے اوپنر سنجو سیمسن اور نیوزی لینڈ کی آل رانڈر امیلیا کیر کو یہ اعزاز دیا گیا۔سنجو سیمسن نے آئی سی سی مینز ٹی20 ورلڈ کپ میں میچ وننگ اننگز کھیل کر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف کوارٹر فائنل جیسے اہم مقابلے میں ناقابل شکست 97 رنز بنائے، جبکہ سیمی فائنل اور فائنل میں بالترتیب انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف 89، 89 رنز کی اننگز کھیلیں۔

ان کی شاندار پرفارمنس پر انہیں ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا اور بھارت نے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرتے ہوئے ہوم گراونڈ پر ٹرافی اپنے نام کی۔اس ایوارڈ کی دوڑ میں سیمسن نے اپنے ہی ساتھی جسپریت بمرا اور جنوبی افریقہ کے بیٹر کونر ایسٹرہوئزن کو پیچھے چھوڑا۔دوسری جانب امیلیا کیر نے مارچ میں ون ڈے اور ٹی20 دونوں فارمیٹس میں غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے چار ون ڈے میچز میں 176 رنز بنائے اور 18 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ٹی20 سیریز میں 276 رنز اسکور کرنے کے ساتھ 6 وکٹیں بھی حاصل کیں۔

زمبابوے کے خلاف ون ڈے سیریز میں 3-0 کی فتح اور جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی20 سیریز میں 4-1 کی کامیابی میں ان کا کردار نمایاں رہا، جہاں انہیں پلیئر آف دی سیریز بھی قرار دیا گیا۔امیلیا کیر اس سے قبل بھی فروری 2022 اور اکتوبر 2024 میں یہ ایوارڈ جیت چکی ہیں۔ اس بار انہوں نے آسٹریلیا کی بیٹر بیتھ مونی اور جنوبی افریقہ کی فاسٹ بولر ایابونگا کھاکا کو پیچھے چھوڑ کر اعزاز اپنے نام کیا۔یہ ایوارڈ عالمی شائقین کی ووٹنگ اور سابق انٹرنیشنل کرکٹرز و میڈیا نمائندگان پر مشتمل ماہر پینل کی رائے کے بعد دیا گیا۔