وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ آئیسکو کے تقریباً 25فیصد صارفین کے پاس اے ایم آئی میٹرز نصب ہو چکے ہیں جو کہ تقریباً 11سے 12لاکھ میٹرز بنتے ہیں، تقریباً ایک کروڑ سے زائد اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کا پروگرام جلد شروع کیا جا رہا ہے۔
آئیسکو کے 25فیصد صارفین کے پاس اے ایم آئی میٹرز نصب ہو چکے ہیں ، اویس لغاری
اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ آئیسکو کے تقریباً 25فیصد صارفین کے پاس اے ایم آئی میٹرز نصب ہو چکے ہیں جو کہ تقریباً 11سے 12لاکھ میٹرز بنتے ہیں، تقریباً ایک کروڑ سے زائد اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کا پروگرام جلد شروع کیا جا رہا ہے۔ منگل کو آئیسکو اے ایم آئی کنٹرول سینٹر کے دورے کے موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ اے ایم آئی میٹرز کے ذریعے اوور بلنگ کے مسئلے پر قابو پایا جا رہا ہے جبکہ انسانی مداخلت کے خاتمے سے نظام کی شفافیت میں اضافہ ہوگا۔ مزید برآں ان میٹرز میں نیٹ میٹرنگ کی سہولت پہلے سے موجود ہے جس کے لئے میٹر کی تبدیلی درکار نہیں جبکہ صارفین موبائل ایپ کے ذریعے اپنی بجلی کی کھپت تک فوری رسائی حاصل کر سکیں گے اور ون لنک کے ذریعے بلوں کی ادائیگی بھی آسان ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ آئیسکو میں نصب تقریباً 11 سے 12 لاکھ میٹرز کی اے ایم آئی کنٹرول سینٹر سے مؤثر مانیٹرنگ اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومتِ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق ٹیکنالوجی پر مبنی اور مکمل شفافیت کے حامل نظام کے ذریعے صارفین کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لئے سرگرمِ عمل ہے۔ اویس لغاری نےکہا کہ آئندہ چند ماہ میں بالخصوص جون کے بعد صارفین باآسانی یہ جان سکیں گے کہ ان کا بجلی کا بل کتنا ہے، سسٹم آن یا آف کیوں ہے، اور بلنگ سے متعلق مسائل اسی کسٹمر بیس کے اندر مؤثر انداز میں حل ہونا شروع ہو چکے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت اس جدید نظام کو مرحلہ وار پورے پاکستان میں متعارف کرانے کے لئے پُرعزم ہے اور تقریباً ایک کروڑ سے زائد اے ایم آئی میٹرز کی تنصیب کا پروگرام جلد شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے خاص طور پر سنگل فیز میٹرز کی تیز رفتار ڈیجیٹائزیشن پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے بجلی صارفین کو نمایاں سہولت ملے گی۔ دورے کے آغاز پر چیئرمین آئیسکو ڈاکٹر طاہر مسعود ،سی ای او آئیسکو چوہدری خالد محمود ،چیف انجینئر کامران آفتاب اور پراجیکٹ ڈائریکٹر اے ایم آئی محسن رضا گیلانی نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔ بعد ازاں انہیں اے ایم آئی منصوبے کے تحت میٹرز کی تنصیب اور ان کے طریقۂ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ اس جدید نظام کے ذریعے بجلی چوری کی مؤثر روک تھام کے لئے الارمز اور ایونٹس کی سہولت دستیاب ہے جبکہ کنکشن کی منقطع اور بحالی کی لاگت میں سو فیصد تک کمی ممکن ہے۔
اس کے علاوہ سسٹم سے حاصل ہونے والے ڈیٹا کی بنیاد پر بہتر فیصلہ سازی کو فروغ ملے گا اور مجموعی طور پر شفافیت میں اضافہ ہوگا۔ بعد ازاں وفاقی وزیر کو اے ایم آئی کنٹرول سینٹر کا دورہ کرایا گیا جہاں انہیں دکھایا گیا کہ کس طرح اس مرکز سے میٹرز کا ڈیٹا، وولٹیج اور کرنٹ کے استعمال سمیت دیگر اہم معلومات ریئل ٹائم میں مانیٹر کی جا رہی ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ اس نظام کے ذریعے کسی بھی خرابی یا مسئلے کی فوری نشاندہی کر کے بروقت اور مؤثر حل تیار کیا جا سکتا ہے جس سے صارفین کو بہتر خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔









