وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے پاکستان میں قطر کے سفیر علی بن مبارک الخاطر سے قطر کے سفارتخانہ میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیم اور ہنر مندی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیرِ مملکت وجیہہ قمر کی پاکستان میں قطر کے سفیر سے ملاقات
اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے پاکستان میں قطر کے سفیر علی بن مبارک الخاطر سے قطر کے سفارتخانہ میں ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلیم اور ہنر مندی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران تکنیکی و پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت (ٹیوٹ) کے شعبے میں اشتراک بڑھانے، نوجوانوں کے لئے مہارتوں کی ترقی کے منصوبوں کو وسعت دینے اور طلبہ و اساتذہ کے تبادلہ پروگرامز کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر زور دیا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مہارتیں نوجوانوں کو عالمی منڈی میں بہتر مواقع فراہم کر سکتی ہیں۔
وجیہہ قمر نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کرنے کے لئے پُرعزم ہے اور اس مقصد کے لئے بین الاقوامی شراکت داریوں کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ قطر کے سفیر علی بن مبارک الخاطر نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلیمی شعبے خصوصاً تکنیکی تربیت، سکالرشپس اور صلاحیت سازی کے پروگرامز میں تعاون بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک نے تعلیمی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے، مشترکہ منصوبوں کے آغاز اور پیشہ وارانہ تربیت کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ پاکستان اور قطر کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔









