اٹلی نے اسرائیل کے ساتھ دفاعی تعاون کا معاہدہ معطل کر دیا

اٹلی نے اسرائیل کے ساتھ دفاعی تعاون کا معاہدہ معطل کر دیا۔رائٹرز کے مطابق وزیرِ اعظم جارجیا میلونی اور سفارتی ذرائع نےبتایا ہے کہ

روم۔15اپریل (اے پی پی):اٹلی نے اسرائیل کے ساتھ دفاعی تعاون کا معاہدہ معطل کر دیا۔رائٹرز کے مطابق وزیرِ اعظم جارجیا میلونی اور سفارتی ذرائع نےبتایا ہے کہ اٹلی نے اسرائیل سے اپنا دفاعی معاہدہ معطل کر دیا ہے جس میں فوجی ساز و سامان اور ٹیکنالوجی کی تحقیق کا تبادلہ شامل ہے۔جارجیا میلونی نے ایک تقریب کے موقع پر کہاکہ موجودہ صورتِ حال کے پیشِ نظر حکومت نے اسرائیل سے دفاعی معاہدے کی خودکار تجدید معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ دفاعی صنعتوں، فوجی اہلکاروں کی تعلیم و تربیت، تحقیق و ترقی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون پر مرکوز ہے۔اطالوی حکومت نے اسرائیلی افواج پر لبنان میں اقوامِ متحدہ کے اطالوی امن فوجیوں کے قافلے پر انتباہی گولیاں چلانے کا الزام عائد کیا جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان گذشتہ ہفتے کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ پیر کو وزیر خارجہ انتونیو تاجانی، وزیر دفاع گویڈو کروسیٹو اور نائب وزیراعظم میٹیو سالوینی کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا۔اسرائیل کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے اس معاملے پر تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔