2026 کی دوسری قومی انسدادِ پولیو مہم تیسرے روز بھی ملک بھر میں بھرپور انداز میں جاری ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر(این ای او سی )کے مطابق مہم کے دوران چار لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں
قومی انسدادِ پولیو مہم تیسرے روز بھی جاری، کروڑوں بچوں کی ویکسینیشن مکمل کرلی،این ای او سی

مزید خبریں
اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):2026 کی دوسری قومی انسدادِ پولیو مہم تیسرے روز بھی ملک بھر میں بھرپور انداز میں جاری ہے۔ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر(این ای او سی )کے مطابق مہم کے دوران چار لاکھ سے زائد پولیو ورکرز گھر گھر جا کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہے ہیں،مہم کے دوران بچوں کو وٹامن اے کی اضافی خوراک بھی فراہم کی جا رہی ہے تاکہ ان کی مجموعی صحت کو بہتر بنایا جا سکے، یہ مہم پاکستان اور افغانستان میں بیک وقت جا ری ہے۔ این ای او سی کے مطابق مہم کے ابتدائی دو روز کے دوران ملک بھر میں دو کروڑ 70 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔صوبہ وار اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں ایک کروڑ 42 لاکھ سے زائد، سندھ میں 60 لاکھ 35 ہزار سے زائد، خیبر پختونخوا میں 43 لاکھ 23 ہزار سے زائد، بلوچستان میں 14 لاکھ 25 ہزار سے زائد ۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تقریباً 2 لاکھ 83 ہزار، گلگت بلتستان میں ایک لاکھ 88 ہزار سے زائد اور آزاد جموں و کشمیر میں تقریباً 4 لاکھ 75 ہزار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔حکام کے مطابق قومی انسدادِ پولیو مہم 19 اپریل تک ملک بھر میں بلا تعطل جاری رہے گی۔این ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ورکرز کے لیے اپنے دروازے کھولیں اور اپنے بچوں کو لازمی طور پر پولیو کے قطرے پلوائیں، پولیو لاعلاج بیماری ہے جو بچوں کو زندگی بھر کے لیے معذور بنا سکتی ہے۔مزید معلومات یا رہنمائی کے لیے شہری 1166 پر کال یا 03467776546 پر واٹس ایپ پیغام بھیج سکتے ہیں۔








