شمالی کوریا جوہری صلاحیت میں تیزی سے اضافہ کر رہا ہے،اے آئی ای اے کا انتباہ

انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ شمالی کوریا جوہری صلاحیت میں تیزی سے اضافہ کر رہا ہے۔

سیئو ل ۔15اپریل (اے پی پی):انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی نے خبردار کیا ہے کہ شمالی کوریا جوہری صلاحیت میں تیزی سے اضافہ کر رہا ہے۔رائٹرز کے مطابق ادارے کے سربراہ رافیل گروسی نے انکشاف کیا ہے کہ شمالی کو ریا نے اپنی جوہری ہتھیار بنانے کی صلاحیت میں نمایاں اور تشویشناک حد تک اضافہ کیا ہے۔سیئول میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شمالی کوریا کے جوہری پروگرام میں تیزی سے پیش رفت ہو رہی ہے، خاص طور پر یونگ بیون جوہری کمپلیکس میں سرگرمیوں میں واضح اضافہ دیکھا گیا ہے۔آئی اے ای اے کے سربراہ کے مطابق پانچ میگاواٹ ری ایکٹر، ری پروسیسنگ یونٹ، لائٹ واٹر ری ایکٹر اور دیگر تنصیبات میں سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ ملک اپنی جوہری صلاحیت کو وسعت دے رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق شمالی کوریا کے پاس ممکنہ طور پر درجنوں جوہری وار ہیڈز موجود ہیں، جبکہ اس کے پروگرام کی رفتار عالمی سطح پر تشویش کا باعث بن رہی ہے۔دوسری جانب شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان کی جانب سے حالیہ دوروں اور بیانات کو بھی اس پروگرام کے تسلسل کا اشارہ قرار دیا جا رہا ہے، جس سے خطے میں سکیورٹی خدشات مزید بڑھ گئے ہیں۔