اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی، عرب اسلامی ممالک پر میزائل و ڈرون حملوں، سیزفائر اور اس کے بعد ہونے والے مذاکرات کے باعث اس وقت پوری دنیا کی توجہ اسلام آباد پر مرکوز ہے۔ بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا …
پاکستان امتِ مسلمہ کے اتحاد کے مشن کو جاری رکھے گا ، اسلام آباد میں ہونے والے ایران، امریکہ مذاکرات خطے میں امن کے قیام کے لئے نہایت اہم پیشرفت ہیں ۔ حافظ طاہر محمود اشرفی

مزید خبریں
اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):قومی پیغامِ امن کمیٹی کے کوآرڈینیٹر اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ ایران، امریکہ اور اسرائیل کے درمیان حالیہ کشیدگی، عرب اسلامی ممالک پر میزائل و ڈرون حملوں، سیزفائر اور اس کے بعد ہونے والے مذاکرات کے باعث اس وقت پوری دنیا کی توجہ اسلام آباد پر مرکوز ہے۔
بدھ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے حالیہ دورے، نیز اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات خطے میں امن کے قیام کے لئے نہایت اہم پیشرفت ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب یہ جنگ شروع ہوئی تھی تو پاکستان کی قیادت جس میں وزیر اعظم شہباز شریف ، فیلڈ مارشل عاصم منیراور وزیر خارجہ اسحاق ڈار شامل تھے، نے سعودی عرب کا دورہ کر کے وہاں کی قیادت خصوصاً محمد بن سلمان سے مشاورت کی جس کے نتیجے میں امت کا اتحاد برقرار رہا اور امن عمل کا آغاز ہوا جس کے ثمرات آج سامنے آ رہے ہیں۔
حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ جیسے جیسے خطہ جنگ کے حتمی مرحلے کی طرف بڑھ رہا ہے توقع ہے کہ امن کی شمع اسلام آباد سے روشن ہوگی جبکہ پاکستان کی قیادت کے حالیہ دوروں کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم دنیا کا باہمی اتحاد فلسطین (القدس) اور کشمیر کے مسائل کے حل کو قریب لا سکتا ہے اور امت کی وحدت ہی تمام چیلنجز سے نمٹنے کا واحد راستہ ہے۔پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے روابط ایمان اور عقیدے پر مبنی ہیں اور مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں۔
انہوں نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا پاکستان کی معاشی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا مسلسل تعاون پاکستان کی معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے اور ملک دفاعی مضبوطی کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام کی جانب بھی تیزی سے گامزن ہے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان امتِ مسلمہ کے اتحاد کے مشن کو جاری رکھے گا اور انشاء اللہ یہ کوششیں جلد کامیابی سے ہمکنار ہوں گی۔








