برطانوی ایتھلیٹ ایمیل کیریس انجری کے باعث لندن میراتھن سے باہر، قومی ریکارڈ توڑنے کا خواب ادھورا رہ گیا

انگلینڈ کے مایہ ناز رنر ایمیل کیریس پنڈلی کی تکلیف کے باعث رواں سال کی لندن میراتھن سے دستبردار ہو گئے ہیں

لندن۔16اپریل (اے پی پی):انگلینڈ کے مایہ ناز رنر ایمیل کیریس پنڈلی کی تکلیف کے باعث رواں سال کی لندن میراتھن سے دستبردار ہو گئے ہیں جہاں ان سے سر مو فارح کا برطانوی ریکارڈ توڑنے کی بڑی توقعات وابستہ کی جا رہی تھیں۔بی بی سی کے مطابق 28 سالہ ایمیل کیریس نے 2024 کی میراتھن میں تیسری پوزیشن حاصل کی تھی اور پیرس اولمپکس میں چوتھے نمبر پر رہے تھے تاہم ٹخنے کی انجری کی وجہ سے وہ گزشتہ برس بھی اس اہم دوڑ میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک بیان میں ایمیل کیریس نے ایونٹ سے باہر ہونے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس تاریخی دوڑ اور میراتھن کے فاصلے کے احترام میں صرف اسی صورت سٹارٹ لائن پر کھڑا ہونا چاہتے تھے اگر وہ مکمل فٹ ہوتے لیکن تربیت کے دوران پنڈلی کی پرانی تکلیف دوبارہ ابھرنے کی وجہ سے وہ مطلوبہ فٹنس حاصل نہیں کر پائے۔

2 گھنٹے 6 منٹ اور 46 سیکنڈز کا بہترین ریکارڈ رکھنے والے ایمیل کیریس کا ماننا تھا کہ وہ گزشتہ 2 سالوں سے مو فارح کے 2 گھنٹے 5 منٹ اور 11 سیکنڈز کے برطانوی ریکارڈ کو مات دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں مگر قسمت نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ واضح رہے کہ ایمیل کیریس سے قبل خواتین کی عالمی چیمپئن پیریس جیپچرچر بھی سٹریس فریکچر کی وجہ سے ریس سے دستبردار ہو چکی ہیں جبکہ رواں سال لندن میراتھن کا انعقاد اتوار 26 اپریل کو کیا جائے گا جس میں اب ایمیل کیریس کی کمی محسوس کی جائے گی۔