نیٹو مضبوط اتحاد، امریکا دفاع کے لیے پرعزم ہے، سٹونین وزیر دفاع

اسٹونیا کے وزیر دفاع ہانو پیوکر نے کہا ہے کہ نیٹو اتحاد نہ تو ٹوٹے گا اور نہ ہی امریکا اپنے اتحادیوں کو تنہا چھوڑے گا۔

ولنیئس ۔17اپریل (اے پی پی):اسٹونیا کے وزیر دفاع ہانو پیوکر نے کہا ہے کہ نیٹو اتحاد نہ تو ٹوٹے گا اور نہ ہی امریکا اپنے اتحادیوں کو تنہا چھوڑے گا۔رائٹرز کے مطابق لتھوانیا کے دارالحکومت ولنیئس میں انٹرویو دیتے ہوئے ہانو پیوکر کا کہنا تھا کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ اگر روس کی جانب سے کسی بھی قسم کا حملہ ہوا تو امریکا اسٹونیا کے دفاع کے لیے فوری طور پر آگے بڑھے گا۔انہوں نے کہا کہ نیٹو ایک مضبوط اتحاد ہے اور امریکہ کو یورپ کی اسی طرح ضرورت ہے جیسے یورپ کو امریکہ کی، اس لیے اس کے خاتمے کا کوئی امکان نہیں۔اسٹونین وزیر دفاع نے نیٹو کی موجودہ صورتحال کو ایک طویل شادی سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ اتحاد میں اختلافات اور چیلنجز آتے رہتے ہیں، لیکن انہیں باہمی تعاون سے حل کیا جاتا ہے۔تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ یورپ اس وقت تنہا روس کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار نہیں اور تمام نیٹو ممالک کو اپنے دفاعی اخراجات میں اضافہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ بیشتر رکن ممالک ابھی تک جی ڈی پی کا کم از کم 5 فیصد دفاع پر خرچ کرنے کے ہدف تک نہیں پہنچ سکے، جبکہ اسٹونیا رواں سال اس مد میں 5.1 فیصد خرچ کرے گا۔یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کے بعد نیٹو کے مستقبل پر سوالات اٹھائے جا رہے تھے، تاہم اسٹونیا کے وزیر دفاع نے ان خدشات کو مسترد کر دیا ہے۔

مزید خبریں