جاپان کی عسکری تیاریوں میں تیزی عالمی سطح پر تشویش کا باعث بن رہی ہے ، چینی ترجمان

چین نے جاپان پر زور دیا ہے کہ وہ عسکریت پسندی سے مکمل طور پر علیحدگی اختیار کرے اور اپنی سابق دفاعی پالیسی کی بحالی کے اقدامات بند کرے۔

بیجنگ ۔17اپریل (اے پی پی):چین نے جاپان پر زور دیا ہے کہ وہ عسکریت پسندی سے مکمل طور پر علیحدگی اختیار کرے اور اپنی سابق دفاعی پالیسی کی بحالی کے اقدامات بند کرے۔شنہوا کے مطابق چینی وزارت دفاع کے ترجمان ژانگ شیاوگانگ نے جاپان کے 2026 کے بجٹ میں ریکارڈ دفاعی اخراجات اور مہلک ہتھیاروں کی برآمدات کی اجازت سے متعلق منصوبے پر ردعمل میں کہا کہ یہ اقدامات خطے کے امن کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جاپان کی دائیں بازو کی قوتیں ایک جارحانہ اور توسیع پسندانہ دفاعی پالیسی کو فروغ دے رہی ہیں، جو نہ صرف بین الاقوامی قوانین بلکہ جاپان کے اپنے آئین اور عالمی اصولوں کے بھی خلاف ہے۔

چینی ترجمان کے مطابق جاپانی عسکریت پسندی نے ماضی میں خطے کو شدید نقصان پہنچایا، تاہم دوسری جنگ عظیم کے بعد اس کا مکمل احتساب نہیں کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ جاپان کی جانب سے دوبارہ عسکری تیاریوں میں تیزی عالمی سطح پر تشویش کا باعث بن رہی ہے اور اس پر تنقید بھی کی جا رہی ہے۔ژانگ شیاوگانگ نے خبردار کیا کہ اگر جاپان نے اپنے موجودہ اقدامات جاری رکھے تو وہ ایشیائی ممالک اور عالمی برادری کا اعتماد کھو سکتا ہے، لہٰذا اسے چاہیے کہ وہ فوری طور پر اپنی پالیسیوں پر نظرثانی کرے۔