لبنان میں بے گھر افراد کی واپسی شروع،اقوام متحدہ کا سکیورٹی خطرات کے باعث احتیاط برتنے کا انتباہ

اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کے بعد جنوبی لبنان سے بے گھر ہونے والے ہزاروں افراد نے گھروں کو واپسی شروع کر دی ہے، تاہم اقوام متحدہ نے سکیورٹی خطرات کے باعث احتیاط برتنے کی وارننگ جاری کی ہے۔

اقوام متحدہ ۔18اپریل (اے پی پی):اسرائیل اور لبنان کے درمیان جنگ بندی کے بعد جنوبی لبنان سے بے گھر ہونے والے ہزاروں افراد نے گھروں کو واپسی شروع کر دی ہے، تاہم اقوام متحدہ نے سکیورٹی خطرات کے باعث احتیاط برتنے کی وارننگ جاری کی ہے۔شنہوا کے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور(اوسی ایچ اے ) کے مطابق تقریباً 12 لاکھ بے گھر افراد میں سے بڑی تعداد اب واپس لوٹ رہی ہے۔ یہ افراد بیروت کے جنوبی مضافات اور جنوبی علاقوں، بشمو لنباتیہ کا رخ کر رہے ہیں۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ جنوبی علاقوں میں غیر پھٹے ہوئے گولہ بارود کی موجودگی شہریوں کے لیے سنگین خطرہ ہے، خاص طور پر رہائشی علاقوں میں۔ اس کے باوجود ہزاروں افراد جمعہ کی صبح جنوبی علاقوں کی جانب جاتے دیکھے گئے، جس کے باعث اہم شاہراہوں پر شدید ٹریفک دیکھی گئی۔

ادارے کے مطابق متاثرہ علاقوں میں پلوں اور انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا ہے، تاہم عارضی راستے اور گزرگاہیں بحال کر کے واپسی کے عمل کو ممکن بنایا جا رہا ہے۔اوسی ایچ اے نے مزید بتایا کہ اجتماعی پناہ گاہوں میں مقیم افراد کی تعداد کم ہو کر تقریباً 1 لاکھ 13 ہزار رہ گئی ہے، جو ایک روز قبل 1 لاکھ 41 ہزار تھی۔