چینی صدر کے خصوصی ایلچی کی جمہوریہ کانگو کی صدارتی تقریب حلف برداری میں شرکت

چینی صدر کے خصوصی ایلچی کی جمہوریہ کانگو کی صدارتی تقریب حلف برداری میں شرکت

برازاویل۔18اپریل (اے پی پی):جمہوریہ کانگو کے صدر ڈینس ساسو نگیسو کی دعوت پر چین کے صدر شی جن پنگ کے خصوصی ایلچی اور چینی عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس کی قومی کمیٹی کے نائب چیئرمین شاؤ ہونگ نے جمہوریہ کانگو کے دارالحکومت برازاویل میں صدر ڈینس ساسو نگیسو کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کی۔

چینی میڈیا کے مطابق صدر ڈینس ساسو نگیسو نے ایوان صدر میں شاؤ ہونگ سے ملاقات بھی کی۔ اس موقع پر شاؤ ہونگ نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دونوں سربراہان مملکت کے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے، باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید گہرا کرنے، چین-افریقہ تعاون فورم کے شریک چیئرمین کے طور پر اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے اور چین-افریقہ تعاون کے ساتھ ساتھ عالمی تعاون کے فروغ میں رہنمائی کے لیے کانگو کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔

صدر ڈینس ساسو نگیسو نے چین کے صدر شی جن پنگ کی جانب سے تقریب حلف برداری میں خصوصی ایلچی بھیجنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئےجمہوریہ کانگو اور چین کے تعلقات کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ جمہوریہ کانگو دونوں ممالک کے درمیان روایتی دوستی کو اہمیت دیتا ہے اور چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں دوستانہ تعاون کو مزید گہرا کرنے، بین الاقوامی اہم امور پر رابطے اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے ہم نصیب معاشرے پر مبنی شراکتی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کے لئے تیار ہے۔