اسرائیل مشرق وسطیٰ میں جنگ کے بہانے مزید اراضی پر قبضے کی کوشش کر رہا ہے ، ترک وزیر خارجہ

ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کو ایک بہانے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے مزید علاقوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انقرہ۔19اپریل (اے پی پی):ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کو ایک بہانے کے طور پر استعمال کرتے ہوئے مزید علاقوں پر قبضہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔العربیہ کے مطابق انہوں نے جنوبی ترکیہ کے شہر انطالیہ میں ایک سفارتی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اپنے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوشش نہیں کر رہا بلکہ مزید زمین حاصل کرنا چاہتا ہے اور نیتن یاہو حکومت سکیورٹی کو بہانہ بنا کر توسیع پسندانہ اقدامات کر رہی ہے۔ہاکان فیدان کے مطابق اسرائیل نہ صرف فلسطینی علاقوں (غزہ، مغربی کنارے اور مشرقی یروشلم) پر قابض ہے بلکہ اب لبنان اور شام سے متعلق علاقوں پر بھی اپنا کنٹرول بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مسلسل قبضہ اور توسیع ہے جسے روکنا ضروری ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل نے دنیا کو یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ اس کا مقصد صرف اپنی سلامتی کو یقینی بنانا ہے، جو ایک گمراہ کن تصور ہے۔اسی تناظر میں شامی صدر احمد الشرع نے کہا ہے کہ اسرائیل نے شام پر شدید حملے کیے ہیں، متعدد مقامات کو نشانہ بنایا اور گولان کے قریب علاقوں پر قبضہ کیا ہے۔ان کے مطابق شام نے سفارتی راستہ اختیار کیا ہے تاکہ حالات مزید کشیدہ نہ ہوں۔دوسری جانب لبنان میں اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں 2 مارچ سے اب تک 2294 افراد جاں بحق اور 7544 زخمی ہو چکے ہیں جبکہ درجنوں طبی مراکز اور امدادی ادارے بھی متاثر ہوئے ہیں۔