یورپی یونین میں یورپی اینٹی فراڈ آفس (اوایل اے ایف ) نے خبردار کیا ہے کہ یورپی یونین کے بڑھتے ہوئے دفاعی اخراجات بدعنوان عناصر کے لیے “کشش کا مرکز” بنتے جا رہے ہیں۔
یورپی دفاعی منصوبوں میں کرپشن کے خدشات میں اضافہ، یورپی اینٹی فراڈ آفس کا انتباہ

مزید خبریں
برسلز ۔20اپریل (اے پی پی):یورپی یونین میں یورپی اینٹی فراڈ آفس (اوایل اے ایف ) نے خبردار کیا ہے کہ یورپی یونین کے بڑھتے ہوئے دفاعی اخراجات بدعنوان عناصر کے لیے “کشش کا مرکز” بنتے جا رہے ہیں۔تاس نے اوایل اے ایف کے سربراہ پیٹر کلیمنٹ کے حوالہ سے بتایا کہ دفاعی شعبے خاص طور پر تحقیقاتی منصوبوں اور دفاعی خریداری کے معاہدوں میں فراڈ اور بے ضابطگیوں سے متعلق شکایات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یورپی ممالک کی جانب سے دفاعی بجٹ میں تیزی سے اضافے نے ایسے افراد کو موقع فراہم کیا ہے جو جعلی معاہدوں، قیمتوں میں ہیرا پھیری اور کرپشن کے ذریعے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق یہ کیسز یورپی یونین کے مختلف بڑے منصوبوں سے جڑے ہیں، جن میں 500 ملین یورو کا اسلحہ پیداوار بڑھانے کا پروگرام، 150 ارب یورو کا SAFE دفاعی پروگرام، اور یورپی دفاعی صنعت پروگرام شامل ہیں۔یورپی اینٹی فراڈ آفس کے سربراہ نے کہا کہ تحقیقات جاری ہیں، تاہم مخصوص کیسز کی تفصیلات ظاہر نہیں کی جا رہیں کیونکہ ان میں عوامی ٹینڈرز میں مبینہ گڑبڑ، قیمتوں میں اضافہ، اقربا پروری اور دیگر بدعنوانیاں شامل ہیں۔تجزیہ کاروں کے مطابق یورپی دفاعی اخراجات میں اضافے کے ساتھ شفافیت اور نگرانی کے نظام پر دباؤ بھی بڑھ رہا ہے، جس سے اس شعبے میں سخت نگرانی کی ضرورت مزید واضح ہو گئی ہے۔








