عرب پارلیمنٹ کا فلسطینی میں بگڑتی صورتحال کے پیش نظر متحدہ آواز اٹھانے پر زور

عرب پارلیمنٹ نے فلسطینی علاقوں میں بگڑتی صورتحال کے پیش نظر پارلیمانی سطح پر متحدہ ہو کر آواز اٹھانے پرزور دیا ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق استنبول میں فلسطین کے حامی پارلیمانوں کے گروپ کے دوسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرب پارلیمنٹ کے سپیکر محمد بن احمد الیمحی نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر حمایتی آواز اور ہر مخلص کوشش ناگزیر ہے۔

استنبول۔20اپریل (اے پی پی):عرب پارلیمنٹ نے فلسطینی علاقوں میں بگڑتی صورتحال کے پیش نظر پارلیمانی سطح پر متحدہ ہو کر آواز اٹھانے پرزور دیا ہے۔اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق استنبول میں فلسطین کے حامی پارلیمانوں کے گروپ کے دوسرے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عرب پارلیمنٹ کے سپیکر محمد بن احمد الیمحی نے کہا کہ فلسطینی عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر حمایتی آواز اور ہر مخلص کوشش ناگزیر ہے۔انہوں نے ترک پارلیمنٹ کی جانب سے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کے لیے پارلیمانی گروپ کے قیام کے اقدام کو سراہتے ہوئے اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا، جو فلسطین کو درپیش چیلنجز کے حوالے سے گہری آگاہی کی عکاسی کرتا ہے۔

انہوں نے عرب پارلیمنٹ کی فعال شرکت کے عزم کا اعادہ کیا۔عرب پارلیمنٹ کے سپیکر نے حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے اسرائیلی کنیسٹ کی جانب سے فلسطینی قیدیوں کو سزائے موت دینے کی اجازت سے متعلق قانون کی منظوری کو بین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین اور غیر معمولی خلاف ورزی قرار دیا۔انہوں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں بستیوں کی مسلسل توسیع اور اسلامی و مسیحی مقدس مقامات، خصوصاً مسجد اقصیٰ کے تقدس کی جاری خلاف ورزیوں، بشمول نمازیوں پر پابندیوں کو بھی مذہبی آزادی کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ صورتحال غزہ میں جنگ بندی معاہدے پر عمل درآمد میں درپیش مشکلات اور فلسطینی عوام کی جاری انسانی مشکلات کے ساتھ مزید پیچیدہ ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری اب محض ایک آپشن نہیں رہی بلکہ عالمی رائے عامہ کو متاثر کرنے، فلسطینی کاز کے دفاع اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے لیے بین الاقوامی حمایت کو متحرک کرنے کا ایک موثر ذریعہ بن چکی ہے۔