گھٹنے کی انجری ، جیک ڈریپر میڈرڈ اور روم اوپن ٹورنامنٹس سے باہر ہوگئے

انگلینڈ کے نامور ٹینس سٹار جیک ڈریپر گھٹنے کی انجری کے باعث رواں ہفتے ہونے والے میڈرڈ اوپن اور آئندہ ماہ اٹالین اوپن ٹورنامنٹس سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

لندن ۔21اپریل (اے پی پی):انگلینڈ کے نامور ٹینس سٹار جیک ڈریپر گھٹنے کی انجری کے باعث رواں ہفتے ہونے والے میڈرڈ اوپن اور آئندہ ماہ اٹالین اوپن ٹورنامنٹس سے دستبردار ہو گئے ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے بی بی سی کے مطابق 24 سالہ جیک ڈریپر اس سے قبل مونٹی کارلو ماسٹرز میں بھی شریک نہیں ہو سکے تھے جبکہ ان کو بارسلونا میں کلے کورٹ پر اپنے واحد میچ کے دوران انجری کے باعث مقابلہ ادھورا چھوڑنا پڑا۔یہ ٹورنامنٹ ان کی طویل غیر حاضری کے بعد صرف چوتھا ایونٹ تھا، اس سے قبل وہ ومبلڈن اوپن کے بعد زیادہ تر وقت بون برُوزنگ (ہڈیوں کے اندر چوٹ) کے باعث ٹور سے باہر رہے ہیں۔

جیک ڈریپر نے کہا کہ گھٹنے میں ٹینڈن کی سوزش کے باعث وہ میڈرڈ اور روم میں شیڈول ٹورنامنٹس نہیں کھیل سکیں گے۔ ان کے مطابق یہ صورتحال مایوس کن ضرور ہے لیکن خوشی کی بات یہ ہے کہ معاملہ زیادہ سنگین نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ ریکوری بہتر ہو رہی ہے اور امید ہے کہ وہ فرنچ اوپن کے لیے فٹ ہو جائیں گے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس سے پہلے ہیمبرگ یا جنیوا کے کسی اے ٹی پی ایونٹ میں حصہ لینے پر غور کر رہے ہیں تاکہ فارم بحال کر سکیں۔

گزشتہ سال وہ میڈرڈ اوپن کے فائنل تک پہنچے تھے اور روم میں کوارٹر فائنل کھیل چکے ہیں،میڈرڈ اور روم میں نہ کھیلنے کے باعث ان کے کافی رینکنگ پوائنٹس ضائع ہو جائیں گے اور عالمی درجہ بندی میں ان کی پوزیشن متاثر ہونے کا امکان ہے۔جیک ڈریپر کا کیریئر مسلسل انجری مسائل سے متاثر رہا ہے۔

وہ 2023 میں کندھے کی انجری کے باعث 6 ماہ تک کھیل سے دور رہے جبکہ گزشتہ سال ہپ کی تکلیف اور پھر کلائی کی انجری نے ان کے لیے مشکلات پیدا کیں۔اس کے باوجود انہوں نے انڈین ویلز میں ماسٹرز 1000 ٹائٹل جیت کر شاندار واپسی کی تھی اور میڈرڈ میں رنر اپ بھی رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ انجری وقفوں نے انہیں زندگی اور کھیل کے بارے میں زیادہ متوازن سوچ دی ہے، اور وہ واپسی کے بعد بھرپور انداز میں کھیلنے کے لیے پرعزم ہیں۔