صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر سے ممبران پنجاب اسمبلی راجہ صغیر، منصور اعظم اور میاں منیر نے منگل کے روز انرجی ڈیپارٹمنٹ پنجاب میں ملاقات کی،
صوبائی وزیر کھیل سے مختلف ممبران پنجاب اسمبلی کی ملاقات، پنجاب میں سپورٹس کے فروغ پر تبادلہ خیال
لاہور۔21اپریل (اے پی پی):صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر سے ممبران پنجاب اسمبلی راجہ صغیر، منصور اعظم اور میاں منیر نے منگل کے روز انرجی ڈیپارٹمنٹ پنجاب میں ملاقات کی، جس میں پنجاب کے مختلف حلقوں میں کھیلوں کے فروغ اور درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران صوبائی وزیر کھیل نے کہا کہ حکومت پنجاب صوبہ بھر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری سکولوں میں کھیلوں کے میدانوں کو فعال اور آباد کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ سپورٹس کمپلیکس ہر حلقے میں قائم کیے جا رہے ہیں جبکہ ایجوکیشن اور سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے اشتراک سے ایک ہزار سکولوں کو سپورٹس کے لیے ٹارگٹ کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر حلقے سے ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے مربوط حکمت عملی اپنائی جا رہی ہے۔ صوبائی وزیر کھیل نے بتایا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو ماہانہ بنیادوں پر وظائف فراہم کیے جا رہے ہیں اور جلد ہی ان کے لیے سرکاری ملازمتوں کے مواقع بھی فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ مزید محنت اور لگن کے ساتھ آگے بڑھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیے جا رہے ہیں جبکہ سکول اور کالج کی سطح پر باقاعدہ سپورٹس کیلنڈر متعارف کروایا جا رہا ہے۔ ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے نچلی سطح سے کھلاڑیوں کو سامنے لایا جا رہا ہے تاکہ قومی سطح پر مضبوط ٹیمیں تشکیل دی جا سکیں۔ صوبائی وزیر کھیل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کھیلوں کے میدانوں کی بحالی اور نئے گرانڈز کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے اور پنجاب میں سپورٹس انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا اور ایک صحت مند معاشرے کا قیام یقینی بنانا ہے۔









