جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے کہا ہے کہ حالیہ تناظر میں پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے جس بناء پر پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور ڈینز و ڈائریکٹرز کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔
جرمنی اور پاکستان کے درمیان تعاون میں جامعات کا کردار انتہائی اہم ہے ، جرمن سفیر اینا لیپل
فیصل آباد۔ 21 اپریل (اے پی پی):جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے کہا ہے کہ حالیہ تناظر میں پاکستان کا کردار قابل ستائش ہے جس بناء پر پاکستان اور جرمنی کے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورہ کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی اور ڈینز و ڈائریکٹرز کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ جرمن سفیر اینا لیپل نے کہا کہ جرمنی اور پاکستان کے درمیان تعاون میں جامعات کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ جرمن معیشت میں ہم اپنی شراکت داری کو متنوع بنانے میں دلچسپی رکھتے ہیں اس لیے جرمن کمپنیاں پاکستان کو دنیا کا پانچواں بڑا ملک اور ایک بڑی مارکیٹ کے طور پر دیکھ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی آئی ایم ایف پروگرامز کی حمایت کرتا ہے جن کا مقصد پاکستان میں ضروری اصلاحات لا کر پائیدار معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت میں مشترکہ کام کے لیے مضبوط علمی بنیاد انتہائی ضروری ہے، اسی لیے زرعی یونیورسٹی جیسی معیاری جامعات پائیدار ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی تعاون تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اس وقت پاکستان کے 10 ہزار طلبہ جرمنی میں زیر تعلیم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ سے زیادہ جرمن جامعات زبان کی رکاوٹ کو کم کرنے کے لیے انگریزی میں کورسز پیش کر رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہنرمند افراد کی نقل و حرکت کے میدان میں بھی دلچسپی اور کوششیں بڑھ رہی ہیں جہاں نوجوان جرمن کمپنیوں میں ووکیشنل تربیت حاصل کر رہے ہیں تاہم اس کے لیے جرمن زبان کا علم ضروری ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ یونیورسٹی کا بنیادی مقصد غذائی تحفظ کو یقینی بنانا اور پائیدار دیہی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی نے 2009ء سے 2022ء تک انٹرنیشنل سینٹر فار ڈیولپمنٹ اینڈ ڈیسنٹ ورک کے ساتھ کام کیا ہے اور نئے تعاون کے آغاز کی تجویز دی۔ انہوں نے یونیورسٹی میں جرمن زبان کے مرکز کے قیام کی بھی تجویز دی تاکہ جرمن زبان سیکھنے کے خواہشمند افراد کو مواقع فراہم کیے جا سکیں اور تعلیمی و پیشہ ورانہ روابط کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ جرمن شراکت داروں کے تعاون سے یونیورسٹی کلائمٹ اسمارٹ زراعت پر کام کر رہی ہے تاکہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت یونیورسٹی کے جرمن جامعات کے ساتھ 10 فعال مفاہمتی یادداشتیں موجود ہیں۔ انہوں نے جرمنی کے ساتھ مضبوط تحقیقی تعاون کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کئی منصوبے معروف جرمن اداروں کے تعاون سے جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت دو جاری تحقیقی منصوبے، جن کی مالیت 63 لاکھ 65 ہزار روپے ہے جرمن شراکت داروں کی مالی معاونت سے چل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی کے ساتھ 18 تحقیقی منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔









