کوونٹری سٹی نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ہوم گرائونڈ پر کھیلے گئے میچ میں حریف پورٹس ماؤتھ کو 1 کے مقابلے میں 5 گول سے عبرتناک شکست دے کر انگلینڈ کے دوسرے بڑے فٹ بال ٹورنامنٹ ’چیمپئن شپ‘ کا ٹائٹل جیت لیا ۔
فرینک لیمپارڈ کی کوونٹری سٹی انگلش چیمپئن بن گئی، 25 سال بعد پریمیئر لیگ میں واپسی
لندن۔22اپریل (اے پی پی):کوونٹری سٹی نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے ہوم گرائونڈ پر کھیلے گئے میچ میں حریف پورٹس ماؤتھ کو 1 کے مقابلے میں 5 گول سے عبرتناک شکست دے کر انگلینڈ کے دوسرے بڑے فٹ بال ٹورنامنٹ ’چیمپئن شپ‘ کا ٹائٹل جیت لیا ۔ بی بی سی کے مطابق اس شاندار فتح کے ساتھ ہی کوونٹری سٹی نے 25 سال کے طویل انتظار کے بعد دوبارہ پریمیئر لیگ میں جگہ بنا لی ہے۔انگلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں میزبان کوونٹری سٹی کی جانب سے حاجی رائٹ نے 12 ویں منٹ میں پہلا گول کر کے ٹیم کو برتری دلائی۔
دوسرے ہاف میں افرون میسن کلارک نے 2 شاندار گول کیے، جبکہ پورٹس ماؤتھ کے کھلاڑی کی غلطی اور کین کیسلر ہائیڈن کے آخری لمحات میں کیے گئے گول نے فتح کو یقینی بنا دیا۔ پورٹس ماؤتھ کی جانب سے واحد گول ایڈرین سیگیسک نے کیا۔اس فتح کے بعد کوونٹری سٹی کے مجموعی پوائنٹس 89 ہو گئے ہیں اور اب کوئی دوسری ٹیم انہیں پیچھے نہیں چھوڑ سکتی۔ ٹیم کے مینیجر فرینک لیمپارڈ نے اس کامیابی کو اپنے کیریئر کی بہترین کامیابی قرار دیتے ہوئے کھلاڑیوں کی ہمت اور کارکردگی کو سراہا ہے۔ شہر بھر میں شائقین اپنی ٹیم کی پریمیئر لیگ میں واپسی کا جشن منا رہے ہیں۔









