سپریم کورٹ آف پاکستان نے سکیورٹی پابندیوں اور اسلام آباد میں عدالتوں تک رسائی میں عارضی مشکلات کے باوجود بدھ کو اپنی معمول کی عدالتی سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے مجموعی طور پر 122 مقدمات نمٹا دیئے
سکیورٹی پابندیوں کے باوجود سپریم کورٹ فعال، ایک روز میں 122 مقدمات نمٹا دیئے
اسلام آباد۔22اپریل (اے پی پی):سپریم کورٹ آف پاکستان نے سکیورٹی پابندیوں اور اسلام آباد میں عدالتوں تک رسائی میں عارضی مشکلات کے باوجود بدھ کو اپنی معمول کی عدالتی سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے مجموعی طور پر 122 مقدمات نمٹا دیئے۔جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق سپریم کورٹ کا پرنسپل سیٹ اسلام آباد اور ملک بھر میں قائم برانچ رجسٹریاں مکمل طور پر فعال رہیں جس سے عدالتی نظام کے تسلسل کو یقینی بنایا گیا ۔
پرنسپل سیٹ اسلام آباد میں چیف جسٹس آف پاکستان کی سربراہی میں ایک بنچ نے محدود عملے کے ساتھ کام کیا اور ویڈیو لنک کے ذریعے کوئٹہ برانچ رجسٹری کے مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے 8 کیسز کا فیصلہ کیا۔پشاور برانچ رجسٹری میں تین بنچز نے کام جاری رکھا اور 49 مقدمات نمٹائے جبکہ لاہور برانچ رجسٹری میں دو بنچز نے 65 مقدمات کا فیصلہ کیا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ مختلف رجسٹریوں کی بیک وقت فعالیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور متبادل انتظامات سپریم کورٹ کی بڑھتی ہوئی ادارہ جاتی صلاحیت کے مظہر ہیں جو مشکل حالات میں بھی بلا تعطل انصاف کی فراہمی، عدالتی کارکردگی کے تسلسل اور سائلین کی سہولت کو یقینی بناتے ہیں۔









