وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے عالمی یومِ کتب کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کتابیں علم، شعور اور تہذیبی ورثے کی امین ہیں اور کسی بھی قوم کی فکری ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔
کتابیں علم، شعور اور تہذیبی ورثے کی امین ہیں ،وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت
اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وزیرِ مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت وجیہہ قمر نے عالمی یومِ کتب کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کتابیں علم، شعور اور تہذیبی ورثے کی امین ہیں اور کسی بھی قوم کی فکری ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ادبا، مصنفین اور اساتذہ نے معاشرے میں علم و آگہی کے فروغ کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیں، جو لائقِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ ڈیجیٹل دور میں جہاں معلومات تک رسائی پہلے سے کہیں زیادہ آسان ہو چکی ہے، وہیں معیاری مطالعہ کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔
کتاب انسان میں تنقیدی سوچ اور تخلیقی اور بہتر فیصلہ سازی کی صلاحیتوں کو فروغ دیتی ہے، جو ایک باشعور اور ذمہ دار معاشرے کی تشکیل کے لیے ناگزیر ہیں۔ وزیرِ مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل میں مطالعہ کے رجحان کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس مقصد کے لیے معیاری کتب تک رسائی، لائبریریوں کے فروغ اور تعلیمی وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ طلبہ کو ایک مثبت اور علم دوست ماحول میسر آ سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت خواندگی کے فروغ، علم تک آسان رسائی اور کتاب دوستی کے کلچر کو مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔انہوں نے قوم بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مطالعہ کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں اور پاکستان کو ایک علم پر مبنی، ترقی یافتہ اور روشن خیال معاشرہ بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔









