شندور پولو فیسٹیول 11 تا 13 جون منعقد کیاجائے گا، ثریا بی بی

ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی نے شندور پولو فیسٹیول کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیسٹیول 11 جون سے 13 جون تک شندور پولو گراؤنڈ اپر چترال میں منعقد ہوگا۔

پشاور۔ 23 اپریل (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی ثریا بی بی نے شندور پولو فیسٹیول کی تاریخوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ فیسٹیول 11 جون سے 13 جون تک شندور پولو گراؤنڈ اپر چترال میں منعقد ہوگا۔ سطح سمندر سے 12ہزار200 فٹ بلندی پر واقع شندور پولو فیسٹیول کے انعقاد کےلئے تیاریوں کو حتمی شکل دینے کےلئے سیکرٹری محکمہ سیاحت، ثقافت، آثارقدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا سعادت حسن کی زیرنگرانی اجلاس منعقد ہواجس میں ڈپٹی سپیکرخیبرپختونخوا اسمبلی،کمشنر ملاکنڈ ڈویژن، ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی شہریار محمود، ایڈیشنل سیکرٹری رحیم اللہ محسود، ڈپٹی کمشنرلوئر و اپر چترال، ڈائریکٹر جنرل نیشنل ہائی وے اتھارٹی، 144 ونگ چترال،ڈی پی اوز لوئر اور اپر چترال، صدرپولو ایسوسی ایشن چترال، چترال چیمبر آف کامرس کے عہدیداران ، پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن اور ڈی جی ایوایشن خیبرپختونخوا سمیت مختلف عہدیداران شریک تھے۔ ڈپٹی سپیکر ثریا بی بی نے کہاکہ شندور پولو فیسٹیول کے انعقاد کےلئے تمام ادارے مل کر احسن طریقے سے اقدامات کریں تاکہ ایونٹ کا کامیاب انعقاد ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے پی آئی اے کے عہدیداران سے بھی کہاکہ شندور پولو فیسٹیول کے دوران پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کی چترال کےلئے خصوصی پروازیں باقاعدگی سے چلائی جائیں تاکہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کو کم وقت میں بہترین سروس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ سیکرٹری محکمہ سیاحت و ثقافت سعادت حسن نے کہاکہ شندورمیں منعقد ہونے والا تاریخی پولو فیسٹیول بڑا ایونٹ ہے جس کا تمام سٹیک ہولڈرز مل کر کامیاب انعقاد یقینی بنائیں ۔