پی این آر اے میں ریڈیو ایکٹو ویسٹ مینجمنٹ پر پانچ روزہ قومی ورکشاپ کامیابی سے اختتام پزیر

پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے ) میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے تعاون سے ریڈیو ایکٹو ویسٹ مینجمنٹ پر پانچ روزہ قومی ورکشاپ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی

اسلام آباد۔24اپریل (اے پی پی):پاکستان نیوکلیئر ریگولیٹری اتھارٹی (پی این آر اے ) میں انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے تعاون سے ریڈیو ایکٹو ویسٹ مینجمنٹ پر پانچ روزہ قومی ورکشاپ کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔ اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ممبر (ایگزیکٹو) پی این آر اے شاہد رشید نے کہا کہ لوگوں اور ماحول کو مضر تابکاری سے محفوظ رکھنا ریڈیو ایکٹو ویسٹ کی محفوظ ہینڈلنگ پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ کی درست شناخت اور درجہ بندی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے اہم مراحل ہیں۔ آئی اے ای اے سے تعلق رکھنے والی نیوکلیئر سیفٹی کی ماہر لطیفے اوزگے عنور نے مختلف اداروں کے درمیان قریبی رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریڈیو ایکٹو ویسٹ کی محفوظ ہینڈلنگ حکومت، ریگولیٹری اداروں اور آپریٹنگ تنظیموں کی مشترکہ قومی ذمہ داری ہے۔

پانچ روزہ ورکشاپ کے دوران شرکاء نے ویسٹ کی خصوصیات، درجہ بندی اور محفوظ ویسٹ قبولیت کے معیارات جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا۔ سیشنز میں ماہرین کے لیکچرز، بین الاقوامی طریقہ کار اور انٹرایکٹو مباحثے شامل تھے۔ورکشاپ میں پاکستان بھر سے ریگولیٹری اداروں اور آپریٹنگ تنظیموں کے 25 شرکاء نے جبکہ آئی اے ای اے کے تین ماہرین نے شرکت کی ۔کنونشن آن نیوکلیئر سیفٹی (سی این ایس) کے رکن ملک کے طور پر پاکستان ریڈیو ایکٹو ویسٹ مینجمنٹ سمیت نیوکلیئر سیفٹی کے شعبے میں بین الاقوامی معیار کے مطابق اپنے نظام کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔ پی این آر اے لوگوں اور ماحول کو آئیو نائزنگ ریڈی ایشن کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے قومی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنانے اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لئے پرعزم ہے۔