ایچ ای سی اور نسٹ کے درمیان امریکی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کی معاونت کے لئے اہم معاہدہ

ایچ ای سی اور نسٹ کے درمیان امریکی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کی معاونت کے لئے اہم معاہدہ

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے درمیان امریکی جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کی معاونت کے لئے ایک اہم معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت ’’جی آر ای‘‘ کی تیاری کے لئے خصوصی تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا۔ یہ معاہدہ امریکہ-پاکستان نالج کوریڈور (فیز ون) کے ’’ٹیلنٹ فارمنگ‘‘ جزو کے تحت کیا گیا ہے جس کا مقصد باصلاحیت پاکستانی گریجویٹس کو عالمی معیار کی تعلیم کے مواقع فراہم کرنا اور انہیں بین الاقوامی تعلیمی مسابقت کے لئے تیار کرنا ہے۔

ایچ ای سی حکام کے مطابق اس سبسڈیڈ تربیتی پروگرام کے ذریعے طلبہ کو ’’جی آر ای ‘‘امتحان کی مؤثر تیاری کے لئے معیاری رہنمائی، ماہر اساتذہ کی معاونت اور جدید تدریسی وسائل فراہم کئے جائیں گے تاکہ وہ امریکہ کی ممتاز جامعات میں داخلہ حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں۔ اعلامیہ کے مطابق اس پروگرام کا باضابطہ اشتہار مئی 2026 میں جاری کیا جائے گا جس کے بعد ملک بھر سے طلبہ درخواستیں جمع کرا سکیں گے۔

پروگرام کے تحت منتخب طلبہ کو کم لاگت میں تربیت فراہم کی جائے گی جس سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کے طلبہ بھی اس موقع سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ مزید برآں ایسے طلبہ جو کامیابی کے ساتھ’’ جی آر ای ‘‘امتحان پاس کریں گے اور امریکہ کی اعلیٰ جامعات میں داخلہ حاصل کرنے میں کامیاب ہوں گے، وہ ایجوکیشنل ٹیسٹنگ سروس کی فیس کی واپسی کے اہل بھی ہو سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ انہیں مستقبل میں مختلف سکالرشپس کے حصول کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔ تعلیمی ماہرین کے مطابق یہ اقدام پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، تحقیق کے معیار میں بہتری اور عالمی تعلیمی روابط کے استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے اس پروگرام کو نوجوانوں کے لئے ایک سنہری موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا بلکہ ملک کا مثبت تشخص بھی عالمی سطح پر اجاگر ہوگا۔

مزید خبریں