پاکستان کے شہداء نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور بیرونی خطرات کے خلاف بے مثال جرأت، عزم اور قربانی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سردار ایاز صادق
پاکستان کے شہداء نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور بیرونی خطرات کے خلاف بے مثال جرأت، عزم اور قربانی کا مظاہرہ کیا ہے۔ سردار ایاز صادق

مزید خبریں
اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے وطنِ عزیز کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لئے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے جنہوں نے اپنی جان کی پروا ہ کئے بغیر ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ بدھ کو یوم شہدا ء کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے شہداء نے دہشت گردی، انتہاپسندی اور بیرونی خطرات کے خلاف بے مثال جرأت، عزم اور قربانی کا مظاہرہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کی مشترکہ قربانیوں کی بدولت ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا گیا جس کے نتیجے میں ملک میں امن قائم ہوا۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں نے جو قربانیاں دی ہیں وہ قومی تاریخ کا ناقابلِ فراموش حصہ ہیں۔
انہوں نے بلوچستان، خیبر پختونخوا اور دیگر متاثرہ علاقوں میں دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم شہداء کے اہلِخانہ کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے صبر و استقامت کو سلام پیش کرتی ہے۔سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ شہداء کا خون ہماری قومی آزادی، خودمختاری اور استحکام کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہئے کہ ہم شہداء کے مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے وطن کے دفاع، اتحاد اور ترقی کے لئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔
سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے تاہم اگر وطن پر کسی بھی قسم کی جارحیت مسلط کی گئی تو پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر دشمن کے ہر ناپاک عزائم کو ناکام بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور شہداء کی قربانیوں کا احترام ہی پاکستان کی اصل طاقت ہے۔اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ شہداء ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جن کی بدولت آج پاکستان محفوظ اور مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کے مشن کی تکمیل کے لئے متحد رہے گی۔ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے شہداء کی درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی ۔








