سی پی ٹی آئی سی ای کے کنٹری ڈائریکٹر انجینئر منصور الحسن صدیقی کا پی ایم ڈی کراچی کا دورہ

سی پی ٹی آئی سی ای کے کنٹری ڈائریکٹر انجینئر منصور الحسن صدیقی کا پی ایم ڈی کراچی کا دورہ

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):ٹینگ گروپ اور چائنا پاکستان ٹی وی ای ٹی انڈسٹریل سینٹر آف ایکسیلینس (سی پی ٹی آئی سی ای) کے کنٹری ڈائریکٹر انجینئر منصور الحسن صدیقی نے بدھ کو پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ (پی ایم ڈی) کراچی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے چیف میٹرولوجسٹ ڈائریکٹر زبیر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کمال الزمان سمیت اعلیٰ حکام سے تفصیلی ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران موسمیات، جیو فزکس، ماحولیاتی علوم اور تکنیکی تربیت کے شعبوں میں پاکستان اور چین کے درمیان تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ادارہ جاتی روابط، جدید تربیتی پروگرامز، تحقیق اور استعدادِ کار بڑھانے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ 1960ء سے ملک کا واحد قومی ادارہ ہے جو موسمیاتی تربیت فراہم کر رہا ہے۔

ادارے کا نصاب عالمی موسمیاتی تنظیم (ڈبلیو ایم او) کے معیار کے مطابق ہے جبکہ انسٹیٹیوٹ آف میٹرولوجی اینڈ جیو فزکس (آئی ایم جی) کراچی جدید موسمیاتی تعلیم اور تربیت میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔پی ایم ڈی کے تربیتی پروگرامز میں پری میٹ کورس، آن جاب ٹریننگ، تھیوری اور عملی تربیت شامل ہیں جن کے ذریعے موسمیاتی ماہرین تیار کیے جاتے ہیں تاکہ موسمیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات سے موثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

ملاقات میں یکم جون کو متوقع چینی وفد کے دورہ کراچی کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔ پی ایم ڈی نے وفد کی میزبانی میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے پیشگی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست کی تاکہ موثر روابط اور انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔اس موقع پر دونوں جانب سے مشترکہ تحقیقی منصوبوں، جدید جیو فزیکل سٹیشنز کی تنصیب، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور سی پی ٹی آئی سی ای کے تحت جدید تربیتی ماڈیولز کے قیام پر بھی اتفاق رائے پایا گیا۔

انجینئر منصور الحسن صدیقی نے کہا کہ یہ ملاقات موسمیاتی علوم اور تکنیکی تعلیم کے میدان میں پاک چین تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹینگ گروپ پاکستان میں جدید تربیتی نظام، بین الاقوامی شراکت داری اور پائیدار جدت کے فروغ کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گا۔

مزید خبریں